کیٹل مینجمنٹ کے قیام سے زمینداروں کو ریلیف ملا: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (SNN)کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی طرف سے کیٹل مینجمنٹ کمپنی کے قیام سے عام زمینداروں کو جانوروں کی خرید و فروخت میں آڑہتیوں کی لوٹ کھسوٹ سے نجات ملی ہے اور انہیں کسی قسم کی اضافی فیس بھی ادا نہیں کرنی پڑتی جو ان کے لئے ایک بڑا ریلیف ہے -وہ یہاں اپنے دفتر میں کمپنی کے سالانہ عام اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں ممبر صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر،میئر ساہیوال سردار اسد خان بلوچ،ایم ڈی احمد علی اور ڈویژن بھر کی میونسپل کمیٹیوں کے چیئر مینوں نے شرکت کی -انہوں نے کمپنی کے قیام کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام منڈی مویشیوں میں زمینداروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں تا کہ انہیں اپنے جانوروں کی بہتر قیمت مل سکے -ایم ڈی احمد علی نے بتایا کہ سال 2016-17کے دوران کمپنی کی آمدن 2کروڑ47لاکھ روپے اور اخراجات2کروڑ27لاکھ روپے رہے اس طرح کمپنی نے ایک سال میں 20لاکھ روپے منافع حاصل کیا جبکہ چیچہ وطنی اور عارف والا میں ماڈل منڈیاں زیر تعمیر ہیں جہاں زمینداروں کو بنک،پارکنگ،شیڈز،مسجد،دوکان،رہائش اور سکیورٹی کی سہولیات دستیاب ہونگی -اجلاس میں ارکان نے کمپنی کی کارکردگی کو سراہا اور مطالبہ کیا کہ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں متعلقہ میونسپل کمیٹیوں کی بھی نمائندگی ہونی چاہیے تا کہ منڈیوں کو مزید بہتر بنایا جاسکے -اجلاس میں کمپنی کے آڈٹ کی بھی منظوری دی گئی –

اپنا تبصرہ بھیجیں