ڈی سی ساہیوال کا سول ہسپتال اور کرسمس بازارکا دورہ

ساہیوال ( بیورورپورٹ )ڈپٹی کمشنر شوکت علی کھچی نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے مسیحی بھائیوں کیلئے کرسمس کی خوشیاں دوبالا کرنے کیلئے کرسمس بازار کا انعقاد کیا ہے جہاں سستی اشیاء صرف وافر مقدار میں دستیاب ہیں ۔یہ بازار امامیہ کالج سے متصل کیتھولک چرچ میں لگایا گیا ہے ۔کرسمس بازار کا دورہ کرتے ہوئے مسیحی برادری کے ارکان سے ملاقات کے دوران انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت کے احکامات کے مطابق اس کرسمس بازار میں آٹا بازار سے 10روپے فی کلو رعایتی نرخوں پر دستیاب ہے اور 10کلو کا تھیلا 250روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔اس کے علاوہ دوسری اشیاء صرف خصوصا ٹماٹر‘پیاز‘آلو‘سبزیاں‘دالیں‘گھی‘چینی اور پھل بھی رعایتی نرخوں پر فروخت کئے جا رہے ہیں اور ان کی کوالٹی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔دریں اثنا ء ڈپٹی کمشنر شوکت علی کھچی نے ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا اور وہاں مریضوں کو فراہم کی گئی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔وہ میڈیکل یونٹ اور ایمرجنسی میں گئے اور وہاں مریضوں سے علاج معالجے کی سہولیات کے بارے میں پوچھا ۔انہوں نے ایمرجنسی میں صفائی کی ناقص صورتحال پر ناراضگی کا اظہار کیا اور ڈی ایم ایس کو ہدایت کی کہ ایمرجنسی سمیت تمام وارڈز میں صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے۔میڈیکل یونٹ 1میں 4ڈاکٹروں کی ڈیوٹی کی بجائے صرف ایک ڈاکٹر موجود تھا جبکہ 3 ڈاکٹر غیر حاضر تھے جس پر ڈپٹی کمشنر نے ڈی ایم ایس کی سخت سرزنش کی ۔ایمرجنسی میں بھی صرف 2ڈاکٹر ڈیوٹی دے رہے تھے جس کی وجہ سے مریضوں کا بے پناہ رش تھا ۔انہوں نے غیر حاضر ڈاکٹروں کے خلاف فوری کارروائی کی بھی ہدایت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں