اقلیتوں کو برابری کے حقوق دینے کے لیے کوشاں ہیں: ندیم کامران

ساہیوال (بیورورپورٹ)صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ اقلیتوں کو حقوق اور تحفظ دیئے بغیر معاشرے کو پر امن نہیں بنایا جا سکتا ہے -مسلم لیگ کی حکومت نے اقلیتوں کو برابر کے حقوق فراہم کرنے ،انہیں ملازمتیں دینے اور جدید شہری سہولیات کی فراہمی کے لئے دورس اقدامات اٹھائے ہیں جن سے اقلیتوں میں احساس تحفظ پیدا ہوا ہے -انہو ںنے یہ بات ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس کا اہتمام مسلم لیگ نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں شریک ہونے کے لئے کیا تھا -تقریب میں ممبر صوبائی اسمبلی پیر خضر حیات کھگہ ،مسلم لیگ کے ضلع جنرل سیکرٹری رائو نذر فرید ایڈوکیٹ ،میئر ساہیوال سردار اسد علی خان بلوچ ،ڈپٹی میئر ساجد نعیم ہیپی ‘چیئرمین مارکیٹ کمیٹی آئی زیڈ بھٹی اوررانا صابر علی کے علاوہ سینکڑوں کارکنوں اور مسیحی برادری نے شرکت کی -انہوں نے کہا کہ ساہیوال میں مسیحی برادری کی ترقی کے لئے 8کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے ہیں جن میں مسیحی آبادیوں میں ضروری شہری سہولیات خصوصا سٹریٹ لائٹس ،سیوریج،سڑکوں کی تعمیر ،چرچز میں اضافی سکیورٹی کی سہولیات کی فراہمی شامل ہیں -انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نواز کی حکومت نے ملازمتوں میں اقلیتوں کا کوٹہ 2فیصد سے بڑھا کر 5فیصد کیا جس سے مزید سینکڑوں افراد کو ملازمتیں دی گئیں-ملک ندیم کامران نے کہا کہ اگلے سال 6ارب روپے کی خطیر رقم سے ساہیوال شہر کی تعمیر و ترقی کے ایک جامع منصوبے کا آغاز ہو رہا ہے جس میں تمام شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ،نکاسی آب ،سڑکوں اور پارکوں کی بہتری اور جدید ٹرانسپورٹ سسٹم فراہم کیا جائے گا -انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ مسلم لیگ کے خلاف ہونے والی سازشوں کو متحد ہو کر ناکام بنائیں تا کہ ملک میں جاری ترقی کا پہیہ نہ رک سکے -تقریب میں حضرت عیسیؑ،قائد اعظم محمد علی جناح اور مسلم لیگ کے سربراہ نواز شریف کے یوم پیدائش کے حوالے سے کیک بھی کاٹے گئے جبکہ کوئٹہ چرچ دھماکے میں جا ں بحق ہونے والوں کی یاد میں شمعیں بھی روشن کی گئی –

اپنا تبصرہ بھیجیں