ساہیوال: سیل شدہ کارخانہ کھونے پر ڈیسنٹ بیکری سیل

ساہیوال(بیورورپورٹ ) سیل شدہ کارخانے میں کام کرنے پر پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ڈیسنٹ بیکری سیل کردی ۔تفصیلات کے مطابق 2روز قبل پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ہائی سٹریٹ پر واقع ڈیسنٹ بیکری کے کارخانے میں اچانک معائنہ کیا اور صفائی کے ناقص انتظامات پر بیکری کا کارخانہ باہر سے سیل کردیا لیکن بیکری کے اند ر والا راستہ سیل نہ ہوا اور بیکری مالکان اسی راستے سے سامان بیکری لاکر فروخت کرتے رہے جس کا فوڈ اتھارٹی کو علم ہو گیا ۔ فوڈ اتھارٹی کے افسران وعملہ نے بیکری کے پیچھے سے سیڑھی لگا کر چیک کیا تو بیکری کے عملہ نے مزاحمت کی جس پر فوڈ اتھارٹی نے پولیس کو بلالیا لیکن عملہ مزاحمت کرتا رہا اور پولیس فوڈ اتھارٹی سے کارروائی کیلئے تحریر مانگتی رہی ۔بعدازاں ایک اعلیٰ آفیسر کی مداخلت کے بعد بعد فوڈ اتھارٹی کے افسران بیکری سیل کرنے میں کامیاب ہو گئے ۔بیکری عملہ کا کہنا تھا کہ وہ کارخانے میں کام نہیں کر رہے تھے اور سیل لگی ہوئی تھی جبکہ فوڈ افسران کاکہنا تھا کہ کارخانہ میں عملہ کام کر رہا تھا ۔فوڈ اتھارٹی افسران مزید کارروائی میں مصروف ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں