ملکی ترقی میں اقلیتوں‌کا کردار قابل تحسین ہے: کمشنر ساہیوال

ساہیوال(بیور ورپورٹ ) کمشنر علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی میں اقلیتوں کا اہم کردار ہے اور انہیں ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کیلئے حکومت دورس اقدامات اٹھائے ہیں جن میں ملازمتوں میں5فیصد کوٹہ اور اعلی تعلیم کیلئے وظائف شامل ہیں۔وہ یہاںاپنے دفتر میں بشپ ابراہام ڈینل کی سربراہی میں مسیحی وفد سے بات چیت کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ پر سب سے زیادہ زور دیا اور معاشرے میں ان کے جائزحقوق کا احترام کریں۔مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی اور کرسمس تقریبات کے لئے سکیورٹی فول پروف اقدامات کرنے کی یقینی دہانی کروائی ۔بشپ ڈینل ابراہام نے بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے سکولوں میں مذہبی رواداری کے خصوصی لیکچرز کروانے کی تجویز دی جسے کمشنر علی بہادر قاضی نے سراہا اور یقین دلایا کہ تمام سرکاری اور نجی سکولوں اور کالجوں میں اسمبلی کے دوران ان لیکچرز کا خصوصی اہتمام کیا جائے گا۔اجلاس میں بتایاگیا کہ ضلع ساہیوال میں مسیحی آبادی 2لاکھ نفوس سے زائد ہے جس کے لئے 107چرچ موجود ہیں جبکہ ساہیوال میں مشن ہسپتال کے علاوہ ساہیوال اور چیچہ وطنی میں مسیحی تعلیمی ادارے تمام مذاہب کے طلبا وطالبات کو معیاری تعلیم فراہم کر رہے ہیں ۔انہوں نے مثالی مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے میں انتظامیہ اور مقامی علماء کے کردار کو سراہا اور یقین دلایا کہ مسیحی برادری اپنے مسلمان بھائیوں کے شایان شان ملکی ترقی کے لئے اہم کردار ادا کرتی رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں