ساہیوال: منصوبے بناؤ، شہر سجاؤ اورسب گرا دو کا سلسلہ جاری

ساہیوال(بیورورپورٹ )ساہیوال شہر کی خوبصورت کیلئے فوارے ‘ٹاور اور گرین بیلٹ پر کروڑوں روپے لگا کر گرانے اور بنانے کا سلسلہ جاری ‘ مختلف چوکوں میں کروڑوں روپے خرچ کرکے ضائع کردیئے گئے ‘ شہریوں کافوارے وغیرہ کے نئے منصوبے ختم کرنے کامطالبہ ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ 20/25سال میں ساہیوال شہر کے مختلف چوکوں یاد گار ‘ ڈی پی او چوک ‘کالج چوک ‘جہاز چوک ‘جوگی چوک ‘مزدور پلی چوک ‘مال منڈی چوک اور جی ٹی روڈ پر مختلف مقامات پر فوارے ‘ٹاور ‘ گرین بیلٹ بنا کر کروڑ وں روپے خرچ کئے گئے اور خوبصورت کیلئے بنائے جانے والے منصوبے مکمل ہونے کے 2/3سال بعد انہیں گرا دیا جاتاہے اور دوبارہ نئے منصوبے شرو ع کرکے کروڑوں روپے ضائع کئے جاتے ہیں ۔ کہیں ٹاور ‘ کہیں گرین بیلٹ ‘کہیں فوارے ‘کہیں گھوڑے ‘ کہیں مہنگے ترین کھجور وغیرہ کے درخت اور کہیں رنگ برنگے پھولوں کے پودے لگا کر خوبصورت میں اضافہ تو کر دیا جاتاہے لیکن ان کی دیکھ بھال نہ ہونے سے درخت اور پودے مرجھا کر ضائع ہو جاتے ہیں اور یہ سلسلہ گزشتہ 20/25سال سے جاری ہے ۔گزشتہ 2سالوں میں بھی کروڑوں روپے خرچ کئے گئے جن میں پارکوں کے منصوبوے بھی شامل ہیں لیکن ایک دو پارکوں کے علاوہ تمام پارک ویران نظر آتے ہیں لیکن انتظامی افسران خوبصورتی کے نام پر کروڑوں روپے ضائع کر رہے ہیں ۔ شہریوںنے خوبصورت کے نام پر بنائے جانے والے منصوبوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ایسے منصوبوں کو ختم کرکے کروڑوں روپے بچائے جائیں یا پھر ایسے منصوبے شروع کئے جائیں جن کی دیکھ بھال ہو اور سرمایہ بھی کم خرچ ہو.ساہیوال میں اوور ہیڈ برج کی تزئین و آرائش پر بھی لاکھوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں جب کہ یہ پل اپنی عمر پوری کر چکا ہے اور ٹریفک کے بہاؤ کے تناسب سے چھوٹا پڑ چکا ہے، مگر نیا پل تعمیر کرنے کی بجائے پرانے پل کی تزئین و آرائش پر بھاری رقوم خرچ کر کے عوامی سرمایے کا نقصان کیا جا رہا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں