لاہور(ویب نیوز) محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور سردی میں اضافے کی پیش گوئی کردی۔دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موسم سرد اور خشک ہے اورمحکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے بارش کی پیشگوئی کردی ہے۔ بارشوں کے باعث خشک سردی سے پیدا ہونے والی موسمی بیماریوں کا خاتمہ ہوگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی بلوچستان اور بالائی سندھ میں اتوار اور پیر کے روز چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ جب کہ خیبرپختونخوا، فاٹا، اسلام آباد، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں پیر سے بدھ تک بارش متوقع ہے۔ آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران مالا کنڈ ڈویڑن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جب کہ پنجاب کے بعض میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح کے اوقات میں ہلکی دھند پڑسکتی ہے۔ لہٰذا محکمہ موسمیات کی جانب سے لوگوں کو احتیاط کرنے کی ہدایت کی گئی ہے.
