ساہیوال ( بیورورپورٹ)خصوصی افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے ساہیوال آرٹس کونسل میں خصوصی بچوں کی ایک تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی سی ای او ایجوکیشن رائو عتیق احمد تھے جبکہ صدارت علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ریجنل ڈائریکٹر چوہدری ذوالفقار علی نے کی۔اس موقع پر ریذیڈنٹ ڈائریکٹر ریاض ہمدانی ،سپیشل بچوں کے سکول کے اساتذہ ، والدین اور طلباو طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او رائو عتیق نے کہا کہ سپیشل بچے قابلیت اور ہنر میں کسی سے کم نہیں اور انہیں معاشرے کا باعزت شہری بنانے کیلئے ضروری ہے کہ انہیں بھی تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں تا کہ وہ اعلی تعلیم حاصل کر کے ملک و قوم کی خدمت کر سکیں ۔انہوں نے کہا کہ معاشرے کے ہر فرد کے دل میں ان سپیشل بچوں کی خصوصی محبت ہونی چاہیے تا کہ انہیں محرومی کا احساس نہ ہو اور انہیں ہماری اجتماعی کوششوں سے خود انحصار بنایا جا سکے۔اس موقع پر ریذیڈنٹ ڈائریکٹر ریاض ہمدانی نے آرٹس کونسل کی طرف سے خصوصی بچوں کیلئے ایک فیسٹیول منعقد کرانے ا علان کیا جس میں یہ بچے اپنے مختلف ہنر کا مظاہرہ کر سکیں گے ۔تقریب میں بچوں نے خصوصی ٹیبلو ،ملی نغمے اور خاکے پیش کئے جسے حاضرین نے بہت سراہا اور ان کی صلاحیتوں کی داد دی۔
