ساہیوال (بیورورپورٹ) ضلع ساہیوال کے فارغ شدہ ڈسٹرکٹ ٹیچر ایجوکیٹر ز کا پریس کلب کے باہرشدیدا حتجاج‘ حکومت پنجاب عدالت عالیہ کے احکامات پر عملدرآمد نہیں کررہی‘ عدالت کے حکم پر عملدرآمد کرکے انہیں بحال کرکے نوٹیفکیشن جاری کرنے کامطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے 10سال قبل CDP پروگرام کے تحت ڈسٹرکٹ ٹیچر ایجوکیٹرز بھرتی کئے جنہیں فارغ کرکے نیا پروگرام ADU شروع کردیا اور انہیں تنخواہ کے ساتھ اضافی 25ہزار روپے بھی دینا شروع کئے۔ فارغ شدہ ڈسٹرکٹ ٹیچر ایجوکیٹرز نے عدالت عالیہ میں رٹ دائر کی جس پر عدالت عالیہ نے حکومتی احکامات معطل کرکے انہیں بحال کرنے کے احکامات جاری کئے لیکن سیکرٹری سکولز ایجوکیشن پنجاب نے نوٹیفکیشن جاری نہ کیا۔ ضلع ساہیوال کے فارغ شدہ ڈسٹرکٹ ایجوکیٹرز نے ساہیوال پریس کلب کے باہر شدید احتجاج کیا۔ اس موقع پر فارغ شدہ ایجوکیٹر ز کے قائد رانا عتیق الرحمن و دیگر نے بتایا کہ افسران نے10سال قبل بھرتی ملازمین کو فارغ کرکے نئے اے ای او ز بھرتی کرکے ان کا استحصال کیا اور اب عدالت عالیہ کے احکامات پر عملدرآمد نہیں کیاجارہا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ عدالت عالیہ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے انہیں بحال کیا جائے بصورت دیگروہ پنجاب کی سطح پر احتجاج کرینگے۔
