چشتیاں: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کرپشن کا پیسا بچانے کے لئے کوئی بھی سمجھوتا کرسکتے ہیں۔ وہ اس دور کے میر جعفر اور میر صادق قرار ہیں.چشتیاں میں جلسہ عام سے خطاب میں عمران خان نےاستفسار کیا کہ بتایا جائے کہ ختم نبوت صلی اللہ علیہ والہ وسلم قانون کو چھیڑنے کی کیا ضرورت تھی ؟کیا دباؤ تھا؟کس کو خوش کرنے کے لئے قانون میں تبدیلی کی گئی؟
ان کا مزید کہناتھا کہ کل نوازشریف نے کہا کہ نیا خیبر پختونخوا نظر نہیں آرہا، ایبٹ آباد میں نواز شریف کا بلٹ پروف شیشے کے بغیر تقریر کرنا نیا خیبر پختونخوا ہے، پنجاب میں جی ٹی روڈ کی ’کیوں نکالا‘ ریلی میں نواز شریف نے بلٹ پروف شیشوں میں تقریریں کیں ۔پی ٹی آئی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ نوازشریف چوری کا پیسا بچانے کے لئے ہر قسم کی مفاہمت کے لئے تیار ہیں ،وہ اس کے لئے نریندر مودی سے دوستی پر بھی تیار ہوں گے ۔
ان کا مزید کہناتھاکہ خیبر پختونخواہ کی پولیس نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ وہ دنیا کی بہترین پولیس ہے ،مجھے اس پر فخر ہے ، حکومت ملی تو پنجاب پولیس کو خیبر پختونخوا کی طرف بنادیں گے ، پولیس میں سب بھرتیاں اور تبادلے میرٹ پر ہونے چاہیے ۔
عمران خان نے کہا کہ سندھ اور پنجاب میں عام لو گوں کا سب سے بڑا مسئلہ تھانہ کچہری ہے ، کیونکہ یہاں تھانوں میں غلط کام کیے جاتے ہیں ، اور پولیس عوام کی خدمت نہیں کر تی ،کمزوروں کو انصاف نہیں ملتا ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب میں مجھ پر اور ہماری اعلی ٰ قیادت پر دہشت گردی کے مقدمات بنے ہو ئے ہیں ، ہم پنجاب کےساتھ سندھ کی پو لیس کو بھی بہتر بنا ئیں گے ۔عمران خان نے مزید کہا کہ ایبٹ آباد میں نو از شریف نے کہا کہ وہ ایک نظر یے کا نام ہے میں کہتا ہوں وہ نظریہ کرپشن ہے ۔ان کا کہناتھاکہ خواجہ آصف نے دبئی میں جعلی کمپنی کے ساتھ کنٹریکٹ کر کے اقامہ لیا ہوا ہے ،ملک کا وزیر خارجہ ہو تے ہوئے وہ دوسرے ملک میں سولہ لاکھ روپے تنخواہ لیتا ہے ۔
