ساہیوال(بیورورپورٹ)پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج جشن عید میلا د النبی ؐ مذہبی جوش وجذبے سے منایاجائے گا۔اس سلسلے میں گھروں، سرکاری عمارتوں اور بازاروں کو سجانے کا کام عروج پر ہے.ساہیوال میں غلہ منڈی، کوٹ خادم علی شاہ، بھٹو نگر، طارق بن زیاد کالونی، جہاز گراؤنڈ، فرید ٹاؤن اور دیگر مقامات پر اپنی مدد آپ کے تحت بازاروں میں چراغاں کیا گیا ہے. حکومتی سطح پر سرکاری عمارتوں پر بھی چراغاں کیا جائے گا. ضلع بھر میں درود سلام کا سلسلہ جاری ہے. 12 ربیع الاول کو ساہیوال اور گردونواح میں کئی مقامات سے جشن عید میلاد النبیﷺ کے جلوس نکالے جائیں گے۔ محافل میلاد النبی ؐ منعقد ہونگی اور نبی کریم ؐ کی سیرت کے مختلف پہلوؤں پر علماء کرام روشنی ڈالیں گے۔ دن کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی اور درود سلام سے ہوگا۔ ضلع بھر میں مختلف مقامات سے 75کے قریب جلوس نکالے جائیں گے۔ مرکزی جلوس جامعہ فریدیہ ساہیوال سے پیر ابوالنصر مولانا منظور احمد شاہ کی قیادت میں نکالاجائے گاجو صبح تقریباً ساڑھے 8بجے شروع ہوگا اور مزدور پلی پر تمام جلوس مختلف مقامات سے نکلنے والے اکٹھے ہونگے۔ غلہ مندی سے عید میلاد النبیؐ کاجلوس جامعہ شرقیہ رضویہ سے نکالاجائے گا۔ مزدورپلی پر تمام جلوس اکٹھے ہونے کے بعد ایک بڑے جلوس کی شکل اختیار کرجائیں گے۔ اس جلوس میں مولانا منظور احمدشاہ‘ڈاکٹر مظہر فرید شاہ‘مفتی امام بخش ندیم ودیگر علماء کے علاوہ ممبران اسمبلی پیر سیدعمران احمدشاہ‘ محمدا رشد ملک‘ پیر حاجی احسان الحق ادریس‘شیخ اعجاز احمد رضا‘چوہدری محمد ماجد علی اور دیگرراہنما شرکت کرینگے۔ جلوس مختلف راستوں سے ہوتا ہوا بلدیہ گراؤنڈ میں پہنچے گا جہاں پر علماء کرام سیر ت النبی ؐ کانفرنس سے خطاب کرینگے۔ جہاز گراؤنڈ‘کوٹ خادم علی شاہ‘ ڈسپنسری روڈ‘ بھٹونگر‘90/9-L‘قصبہ نورشاہ‘یوسف والا‘اڈا کمیر‘قصبہ ہڑپہ اور دیگر مختلف مقامات پر چھوٹی چھوٹی ریلیاں نکالی جائیں گی اور مختلف مقامات پر محافل نعت کی تقریبات منعقدہونگی۔ رات کو بازاروں اور سرکاری وغیر سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیاجائے گا۔جلو س کے مختلف راستوں کو رنگ برنگ جھنڈیوں اور لائٹوں سے سجایاگیاہے۔ مرکزی جلوس کی فول پروف سکیورٹی کیلئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر عاطف اکرام نے سکیورٹی پلان جاری کیاہے جسکے تحت پولیس‘ایلیٹ فور س اور ٹریفک پولیس کے علاوہ رضا کار بھی ڈیوٹی دینگے۔
