ساہیوال میں 2 ہزار سے زائد ترقیاتی سکیمیں زیر تکمیل ہیں:کمشنر ساہیوال

ساہیوال(بیورورپورٹ)وزیر اعظم ترقیاتی پروگرام کے تحت ساہیوال ڈویژن میں 5ارب 21کروڑ 40لاکھ روپے سے 2ہزار 524سکیموں پر کام جاری ہے جس سے ڈویژن کے 70لاکھ سے زائد باسیوں کو بہتر شہری سہولیات دستیاب ہونگی اور دیہی علاقوں میں ترقی کا عمل تیز ہو گا۔پروگرام کے پہلے مرحلے میں 3ارب45کروڑ روپے سے 1729سکیموں پر کام شروع کیا گیا جن میں سے 569سکیمیں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ باقی سکیمیں 31دسمبر تک مکمل ہونگی۔یہ بات کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے ویڈیو لنک سے پروگرام کے جائزہ اجلا س میں بتائی جس کی صدارت چیئر مین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ جہانزیب خان نے کی۔انہوں نے بتایا کہ پروگرام کے پہلے مرحلے میں پینے کے صاف پانی اور بجلی کی فراہمی،نکاسی آب و رابطہ سڑکوں کی تعمیر اور سولنگ کی سکیمیں مکمل کی جا رہی ہیں جس میں ضلع ساہیوال میں 775سکیموں پر ایک ارب 13کروڑ،اوکاڑہ کی 525سکیموں پر ایک ارب 44کروڑ87لاکھ اور پاکپتن کی 429سکیموں پر 79کروڑ 79لاکھ روپے خرچ ہونگے،جن میں سے بالترتیب 281،111اور 177سکیمیں مکمل ہو چکی ہیں۔کمشنر علی بہادر قاضی نے بتایا کہ پروگرام کا دوسرا مرحلہ ایک ارب76کروڑ 40لاکھ روپے سے شروع کیا جا رہا ہے جس کا تمام کام 31دسمبر تک الاٹ کر دیا جائے گا جبکہ 451سکیموں کے ٹینڈر بھی وصول کر لئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی سکیموں پر کام کے معیار کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی میکانزم ترتیب دیا گیا ہے جس کے تحت تمام ڈپٹی کمشنر ز اور متعلقہ محکموں کے ڈویژنل اور ضلعی افسران کی ترقیاتی کاموں پرذاتی طور پر نگرانی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں