ساہیوال: بازاروں میں نا جائز رکشہ اسٹینڈ، شہری پریشان

ساہیوال(بیورورپورٹ)اندرون بازاوں میں منی رکشہ اسٹینڈ شہریوں کیلئے وبال جان بن گئے‘ گھنٹوں ٹریفک جام رہنے لگی‘ ٹریفک پولیس اور میونسپل کارپوریشن کی ناقص حکمت عملی نے شہریوں کا جینا دوبھر کردیا‘ کمشنر‘ڈپٹی کمشنر اورسٹی میئر سے نوٹس لینے کامطالبہ۔ تفصیلات کے اندرون بازار جناح چوک‘ صدر بازار‘ پاکپتن بازار‘بیرون سوڑی گلی‘ سٹی ڈاکخانہ روڈ پر آٹورکشوں کا منی اسٹینڈ بنا ہوا ہے۔ رکشے سواریوں کے انتظار میں کھڑے رہتے ہیں جو ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ کا سبب بنے ہوئے ہیں۔ شہریوں کا کہناہے کہ اندرون بازاروں میں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے تجاوزات کے خلاف آپریشن بری طرح ناکام ہوچکاہے اور تجاوزات کے باعث سڑکیں سکڑ کررہ گئی ہیں جس سے راہگیروں کو گزرنے میں شدید دشواری کا سامناہے۔ انہوں نے کہاکہ بازاروں میں آٹورکشوں کے منی اسٹینڈز سے ٹریفک پولیس ٹس سے مس نہیں ہورہی اور گھٹوں ٹریفک جام رہتی ہے۔شہریوں کا کہناہے کہ وہ خریداری کیلئے بازاروں میں آتے ہیں تو گھنٹوں ٹریفک میں پھنسے رہتے ہیں۔ انہوں نے کمشنر‘ڈپٹی کمشنر اورسٹی میئر سے مطالبہ کیاہے کہ وہ بازاروں کے داخلی راستوں پر پول لگائے جائیں اور رکشوں کے داخلے پر پابندی عائد کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں