وکلا غیر حاضر، نواز شریف کے مقدمات کی سماعت4دسمبر تک ملتوی

اسلام آباد: احتساب عدالت میں العزیزیہ اور ہل میٹل ریفرنسز کی سماعت نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کی غیر حاضری کے سبب 4دسمبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نوازاور داماد کیپٹن (ر) صفدر احتساب عدالت میں پیش ہوئے تاہم وکیل کے نہ آنےپرنواز شریف نےتینوں ریفرنس کی سماعت ملتوی کرنےکی درخواست دی۔اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اورہل میٹل ریفرنسز کی سماعت کررہے ہیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے تینوں ریفرنسز یکجا کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کررکھا ہے۔
سماعت کے ملتوی ہونے کے بعد سابق وزیراعظم نوازشریف جوڈیشل اکیڈمی سے واپس روانہ ہوگئے۔قبل ازیں نواز شریف احتساب عدالت میں پیشی کے لیے آج صبح لاہور سے اسلام آباد پہنچے تھے۔گزشتہ روزبھی نواز شریف کے وکلاء کی ٹیم احتساب عدالت نہیں پہنچ سکی تھی۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے عدالت کو بتایا تھا کہ نواز شریف سمیت کسی سے رابطہ نہ ہو سکا، راستے بند ہونے کی وجہ سے لاہور سے گواہ بھی نہیں پہنچ سکا۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کیس کی سماعت کسی کارروائی کےبغیر ملتوی کردی تھی لیکن نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث آج بھی عدالت نہیں پہنچے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں