ساہیوال میں مذہبی جماعتوں‌کا احتجاج آج بھی جاری رہا

ساہیوال(بیورورپورٹ) تحریک لبیک یارسول اللہ اور دیگر جماعتوں نے پریس کلب کے باہر احتجاج کیا اور گرفتار مقامی قائدین کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق مذہبی جماعتوں کے قائدین مفتی امام بخش ندیم‘ مولانالیاقت امین مصطفائی‘مولانا کلیم اللہ ارشد‘حافظ اویس اور دیگر سینکڑں افراد نے پریس کلب کے باہر احتجاجی دھرنا دیا۔ مظاہرین نے حکومتی جماعت کے خلاف اور نام نہاد تاجر نمائندوں کے کردار کی شدید مذمت کی۔اس موقع پر اے ڈی سی احمد خاور شہزاد نے مفتی امام بخش ندیم ودیگر سے مذاکرات کئے اورانہیں یقین دہانی کرائی کہ حکومتی احکامات آتے ہی کارکنوں کو فوری رہا کردیاجائے گا جس پر مظاہرین ریلی کی صورت میں ریلوے روڈ‘جوگی چوک کی طرف روانہ ہوئے اور بازاروں کا چکر لگا کر جوگی چوک میں نماز ظہر ادا کی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومتی غلط پالیسیو ں کی بدولت ملک بھرمیں حالات خراب ہو ئے۔شہادتیں ہوئیں اورملکی معیشت کو نقصان ہوا جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ بعدازاں وہ پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں