ساہیوال (بیورورپورٹ) ڈپٹی کمشنر شوکت علی کھچی نے علماء کرام پر زور دیا ہے کہ وہ ملک میں امن و امان کو برقرار رکھنے اور ملک دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کریں تاکہ ملک کی ترقی کا جاری سفر متاثر نہ ہو۔ وہ یہاں اپنے دفترمیں ضلعی امن کمیٹی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں ڈی پی او ڈاکٹر عاطف اکرام‘ چیئر مین پی ایچ اے پیر حاجی احسان الحق ادریس اور مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام نے شرکت کی۔انہوں نے ساہیوال اور چیچہ وطنی میں پرامن فضا برقرار رکھنے پر علماء کرام کا شکریہ ادا کیا اوران سے بھرپور تعاون کی اپیل کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ یہ ملک ہمارا ہے اور ہم نے اپنی زندگی اس میں گزارنی ہے لہٰذا ہم سب کو اسے سنوارنے میں اپنا اپنا حصہ ڈالنا چاہئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام حاجی احسان الحق فریدی‘ محمداعجاز قادری‘مفتی نعیم صابر‘ قاری مدثر رحمن‘ قاری عتیق الرحمن‘قاری محمد اسماعیل‘قاری عبدالباسط‘قاری بشیر احمد‘ قاری سعید احمد اور قاری لیاقت مصطفائی نے اپنی تقاریر میں اتحاد امت کی ضرورت پر زور دیا اورانتظامیہ کو یقین دلایا کہ ساہیوال کی پرامن فضا برقرار رکھنے میں تمام مکاتب فکر کے علماء ماضی کی طرح اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او ڈاکٹر عاطف اکرام نے ضلع ساہیوال میں پرامن رہنے پر علماء کرام کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اتحاد امت کیلئے علماء کرام اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔
