اسلام آباد (ویب نیوز) پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے ملک میں حکومتی نا اہلی سے ابتر ہوتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ختم نبوت ہمارے ایمان کا بنیادی جزو اورحصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی غلطی کے اعتراف کے باوجود راجہ ظفرالحق کمیٹی کی تحقیقات جاری کیوں نہیں کی گئیں؟ عمران خان راجہ ظفرالحق کمیٹی کی تحقیقات کی روشنی میں ذمہ داروں کے خلاف کیوں کارروائی نہیں کی گئی؟ عمران خان نے کہا کہ دھرنے کے آغاز پر بھی حکومت نے عدم تحریک کی پالیسی اپنائے رکھی۔
ذمہ داروں کے خلاف کارروائی میں تاخیر سے حکومت کے بارے میں سازش اور کچھ چھپانے کے تاثر نے جنم لیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ تسلسل سے متنبہ کرتے آئے ہیں کہ طاقت کےاستعمال میں معاملے کا حل نہیں۔ جس نااہلی سے حکومت نے معاملہ نمٹانے کی کوشش کی اس سے ریاست کی رٹ ٹوٹتی نظرآرہی ہے۔ حکومت کا سارا زور شریفوں کی کرپشن بچانے اور چوری کرکےباہر چھپائی گئی دولت کےتحفظ پر لگایا جارہا ہے۔
جبکہ ملک جل رہا ہے اور وزیراعظم نااہل شخص کے دربار میں حاضری دے رہے ہیں۔ عمران خان نے حکومت پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اسی طرز عمل کے باعث میں قبل از وقت انتخابات کامطالبہ کرتا آیا ہوں۔ اور ایک مرتبہ پھر میں اپنا مطالبہ دہراتا ہوں کہ ملک میں انتخابات کروائے جائیں۔ کیونکہ جمہوریت بچانے اور ملک کو فتنہ وفساد سے محفوظ رکھنے کا یہ واحد طریقہ ہے۔ انہوں نے تحریک لبیک کے کارکنوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مظاہرین بھی پرامن رہنے کی کوشش کریں۔
