ساہیوال(بیورورپورٹ)میونسپل کارپوریشن کا غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری‘غیر قانونی ڈویلپ کی جانے والی 2غیر قانونی سکیمیں مسمار۔ تفصیلات کے مطابق میونسپل کارپوریشن کے انفورسمنٹ انسپکٹر خالد ضیاء نے 82/6-Rمیں واقع القاسم سٹی لینڈ اور سکندر سٹی کے مالکان کو غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم کو ڈویلپ کرنے‘ تشہیر روکنے اور کالونیوں کی منظوری کیلئے نوٹسز جاری کئے تھے لیکن مالکان نے پروا ہ نہ کرتے ہوئے پلاٹس کی غیر قانونی خریدو فروخت اور تشہیر کو جاری رکھا۔ سٹی میئر اسد علی خاں بلوچ کی ہدایت پر مذکورہ انسپکٹر نے پولیس اور کارپوریشن عملہ کے ہمراہ مشینری کے ذریعے سکندر سٹی کے دفتر کی سیڑھیاں اور تھڑامسمار کرکے سیل کردیا اور شہریوں کی آگاہی کیلئے فلیکس بھی آویزاں کردی جبکہ القاسم سٹی کادفتر نہ ہونے پر مذکورہ سکیم کے مین گیٹ کے 2 پلرز مسمار کردیئے۔ خالد ضیاء کا کہناہے کہ غیر قانونی ہاؤسنگ کالونیوں کی منظوری نہ ہونے تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔
