ساہیوال: ترقیاتی فنڈ جاری نہ کرنے پر بلدیاتی نمائندوں کا احتجاج

ساہیوال(بیورورپورٹ) وائس چیئر مین عوام اتحاد پنجاب کی کال پر بلدیاتی وائس چیئرمینوں کا احتجاجی مظاہرہ‘حکومت نے وعدے پورے نہ کئے تو آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کی مخالفت کرنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق وائس چیئر مین عوام اتحاد پنجاب کے زیراہتمام ضلع بھر کی یونین کونسلوں کے وائس چیئر مینوں کی اکثریت نے ضلع کونسل ہال کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کی قیادت صوبائی راہنما آصف گل‘حاجی اشرف رحمانی اور رمضان جٹ ودیگر نے کی۔ ان کا کہناتھا کہ پنجاب حکومت یونین کونسلوں کے منتخب وائس چیئر مینوں کے ساتھ ظلم کرتے ہوئے غیر منصفانہ پالیسیاں اپنائے ہوئے ہے اور انہیں نہ توفنڈز دیئے جارہے ہیں اور نہ ہی کوئی اختیارات دیئے جارہے ہیں جبکہ حکومت پنجاب نے بلدیاتی الیکشن کے موقع پر فنڈز اور اختیارات دینے کا وعدہ کیاتھا لیکن حکومت اپنے وعدے بھی پورے نہیں کررہی۔ انہوں نے اس عزم کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے اگر وعد ے پورے نہ کئے توآئندہ عام انتخابات میں ن لیگ سمیت دیگر جماعتوں کے نو منتخب وائس چیئر مین مسلم لیگ ن کی بھرپورمخالفت کریں گے۔ انہوں نے فوری طورپر وعدے پورے کرنے‘اختیارات دینے اور ترقیاتی فنڈزدینے کا مطالبہ کیاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں