تربت+گوجرانوالا: تربت میں فائرنگ سے بچ نکلنے والا نوجوان واپس گھر پہنچ گیا، زندہ دیکھ کر والدہ خوشی سے آبدیدہ ہوگئی۔ سانحہ تربت میں بچ نکلنے والا جےٹھی کے کا 17 سالہ نوجوان حیدر علی گھر پہنچا تو والدہ سمیت ہر آنکھ خوشی سے آبدیدہ ہوگئی۔ حیدر علی نے بتایا کہ ہم15، 15افراد 2 گاڑیوں میں سوار تھے، جاں بحق ہونے والے ابوبکر اور ماجد آگے والی گاڑی میں تھے، میں کچھ فاصلے پر پچھلی گاڑی میں تھا، فائرنگ کی آواز سن کر ڈرائیور نے گاڑی روک لی، ہم نے پہاڑوں میں چھپ کر جان بچائی۔ حیدر کی واپسی کی خبر سن کر جاں بحق ہونے والے ابوبکر اور ماجد کی والدہ بھی وہاں پہنچ گئیں جو حیدر میں اپنے بیٹے تلاش کرتی رہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ہدایت پر وزیر بلدیات منشاءاللہ بٹ، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر فرخ نوید، اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال توقیر الیاس چیمہ چیئرمین جیٹھی کے منظور حسین گھمن، ممبر ضلع کونسل فاروق گھمن کے ہمراہ سانحہ تربت میں جاں بحق ہونے والے جیٹھی کے کے ماجد اور ابوبکر کے گھر پہنچ گئے۔ انہوں نے سوگواران سے اظہار تعزیت کیا۔ بعدازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ انسانی سمگلنگ ہمارے لئے لعنت بنتی جارہی ہے۔ دریں اثناءانہوں نے سانحہ میں بچ نکلنے والے نوجوان حیدرعلی سے بھی ملاقات کی۔ مزید برآں ایف آئی اے گجرات کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرچودھری سرور نے پریس کانفرنس کرتے بتایا کہ سانحہ تربت میں ہلاک ہونے والے 20 افراد کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوانے والے 6 ایجنٹوں تنویر چیمہ، بدر اقبال جامکے چٹھہ، عابد، وحید پھالیہ، سہیل شکیل کنجاہ، جمعہ خان عرف موسیٰ کو ایف آئی اے گجرات نے حراست میں لے گیا۔ گرفتار ہونے والے 4 ایجنٹوں کا علاقہ مجسٹریٹ نوید مانگٹ کی عدالت سے دو روز کا جسمانی ریمانڈحاصل کرلیا گیا جن سے مزید انکشافات کی توقع ہے۔ انسانی سمگلنگ میں ملوث ان ایجنٹوں کیخلاف تین مقدمات درج کرلئے گئے۔ علاوہ ازیں ڈپٹی ڈائرےکٹر اےف آئی اے خالد انےس نے بتاےامرکزی ملزم وحید خان نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ وہ پندرہ افراد کو پاکستان ایران کے بارڈر پر لے جا رہا تھا، پندرہ افراد کو کوئٹہ کے ایجنٹ طالب کے حوالے کیا، ملزم قلعہ عبداللہ کا رہائشی جس کا اصل نام محمد صادق ہے، ملزم کو ڈائریکٹر ایف آئی اے کوئٹہ نے ڈائریکٹر ایف آئی اے پنجاب کے حوالے کےا، پانچوں افراد کی سہیل کیساتھ جرمنی کیلئے ڈیل ہوئی تھی، سہیل جرمنی میں مقیم اپنے بھائی ہمایوں کیساتھ ملکر انسانی سمگلنگ کا نیٹ ورک چلاتا ہے، تاہم ملزمان سے مزےد تفتےش کی جارہی ہے۔ سکیورٹی فورسز نے تربت میں کارروائی کے دوران 2 دہشت گرد گرفتار کرلئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی میں ایک مکان سے 16 غیرملکیوں سمیت 18 افراد کو بازیاب کراکے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔
