تحصیل ہسپتال چیچہ وطنی کا توسیعی منصوبہ منظور

ساہیوال(بیورورپورٹ)ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے تحصیل ہسپتال چیچہ وطنی کے توسیع منصوبے سمیت 2ترقیاتی سکیموں کی منظوری دیدی ہے جن پر لاگت کا کل تخمینہ 22کروڑ لگایا گیا۔6کروڑ97لاکھ روپے کے فنڈز سے ٹی ایچ کیو ہسپتال چیچہ وطنی میں گائنی‘آرتھو پیڈک اور پیڈریاٹک وارڈز تعمیر ہونگے جبکہ ساہیوال کی 13یونین کونسلز میں سیوریج‘پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر 15کروڑ روپے خرچ ہونگے۔یہ منظوری کمشنر آفس میں ہونے والے اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت کمشنر ساہیول ڈویژن علی بہادر قاضی نے کی۔اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حبیب جیلانی وینس کے علاوہ متعلقہ محکموں نے ڈویژنل و ضلعی افسران بھی موجود تھے۔کمشنر نے دونوں منصوبوں پر فوری کام جاری کرنے کی ہدایت کی اور افسران پر زور دیا کہ وہ نہ صرف دونوں منصوبوں پر کام کی تکمیل کو بر وقت مکمل کریں بلکہ کام کی کوالٹی کو بھی یقینی بنائیں تا کہ ان منصوبوں کا عوام کو تا دیر فائدہ پہنچے۔تحصیل ہسپتال چیچہ وطنی کے توسیعی منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوگا بلکہ تحصیل بھر کے عوام کو صحت کی بہتر سہولیات دستیاب ہونگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں