نوجوانوں کو اقبال کے فلسفہ خودی سے آگاہ ہونا چاہیئے: جاوید سلیم قریشی

ساہیوال(دلاور سلطان سے)پاکستان انجینئرنگ کونسل کے چیئر مین جاوید سلیم قریشی نے کہا ہے کہ ہماری نوجوان نسل نے مستقبل میں ملک کی بھاگ ڈور سنبھالنی ہے لہذاہمیں اقبال کے فلسفہ خودی کو سمجھنے کی ضرورت ہے -وزیر اعظم پاکستان نے ینگ انجینئرز کے لئے بیس ہزار انٹرن شپ کی منظوری دی ہے جس سے انجینئرز کو انڈسٹری میں رہتے ہوئے اعلی تربیت کا موقع ملے گا -اس کے علاوہ پاکستان انجینئرنگ کونسل اگلے سال سے جاب پورٹل کا آغاز بھی کر رہا ہے جس کی بدولت نوجوان انجینئرز کو جاب کے فوری مواقع بھی میسر ہوں گے -انہو ں نے یہ بات کامسیٹ ساہیوال کے کانوکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں 369طلبا و طالبات میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں -ا س موقع پر پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر ریکٹر کامسٹیس اور ڈائریکٹر کیمپس پروفیسر ڈاکٹر سلیم فاروق شوکت اور والدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی -تقریب میں 369طلبا و طالبات نے مختلف شعبہ جات میں ڈگریاں حاصل کیں جن میں طالبات کی تعداد 96ہے جبکہ 19طلبا و طالبات کو گولڈ،براؤنز اور سلو ر میڈلز سے نوازا گیا -جن میں سجیلہ غلام نبی،عمارہ تبسم،وجیہہ رحمان،مریم اشفاق،شفیق احمد،خالد مقصود خٹک،محمد عمر،محمد عمر دراز،سیدہ طاہرہ بتول،رانا ولید منظور،عرفاہ حسین،اذکا یوسف،عائشہ امجد،حنا ذوالفقار،کومل اعجاز،حمزہ بابر،افتخار امجد اور سمیرا مغل شامل ہیں -انہوں نے کہا کہ معاشرے میں پھیلی ہوئی کرپشن کو روکنے کا واحد طریقہ یہی ہے کہ ہم انفرادی طور پر اس ناسور کا حصہ نہ بننے کا عہد کریں اور سب سے پہلے یہ عہد آج عملی زندگی میں قدم رکھنے والے طلبا و طالبات کریں کہ وہ کرپشن کے خلاف قومی جہاد کا حصہ بنیں گے -ریکٹر کامسیٹس پروفیسر راحیل قمر نے طلبا و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کے حقیقی معمار ہیں -آپ کا بنیادی مقصد والدین اور ریاست کے ساتھ مخلص ہونا ہے اور اپنے علم کی طاقت کے غلط مقاصد کیلئے استعمال نہیں کرنا چاہیے کیونکہ آپ کے لئے باعث فخر ہو اور پاکستان کا مستقبل آپ کے ہاتھو ں میں ہے -ڈائریکٹر کامسیٹ ساہیوال پروفیسر ڈاکٹر سلیم فاروق شوکت نے طلبا و طالبات کو ڈگری مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ کامسیٹس نے آپ کو نہ صرف تعلیمی اعتبار سے بلکہ اخلاقی،معاشرتی اور عملی زندگی کے ہر میدان میں بھر پور قائدانہ کردار ادا کرنے کے قابل بنا دیا ہے -اس ادارہ کو آپ سب پر فخر ہے اور امید ہے کہ جب بھی ملک و قوم کو آپ کی ضرورت ہو گی آپ کا کردار میر کارواں کا ہو گا -انہوں نے مزید کہا کہ کامسیٹس ساہیوال نے حکومت پنجاب کے ”غربت کا خاتمہ بذریعہ تعلیم“ کے وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے دانش سکولوں سے انٹر میڈیٹ امتحانات پاس کرنے والے طلبا و طالبات کو اعلی تعلیم حاصل کرنے کے لئے اپنے دروازے کھول دیئے ہیں جس کے نتیجہ میں 85طلبہ و طالبات نے ایڈمیشن کیلئے اپلائی کیا اور ان میں سے 59طلبا و طالبات کو مکینیکل انجینئرنگ،سول انجینئرنگ،الیکٹریکل انجینئرنگ،کمپیوٹر سائنس،سوفٹ ویئر انجینئرنگ میں میرٹ پر مکمل سکالر شپ پر داخلہ دے دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں