ساہیوال کے ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کر لیے جائیں گے: ندیم کامران

ساہیوال(بیورورپورٹ)صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے ساہیوال شہر کی تمام بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ایک جامع منصوبے کی منظوری دی ہے جس میں شہریوں کو پینے کا صاف پانی،پبلک ٹرانسپورٹ،نکاسی آب اور سٹریٹ لائٹس کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ اور کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کے لئے جدید لینڈفل سائٹ بھی بنائی جائے گی -انہوں نے یہ بات اپنی رہائش گاہ پر مسلم لیگ ن کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی -انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے لئے ایشیائی ترقیاتی بنک نے 20کروڑ ڈالر کی منظوری دیدی ہے جبکہ 5کروڑ ڈالر پنجاب حکومت فراہم کرے گی او ر اس پر کام کا آغاز آئندہ سال سے ہو گا -انہوں نے مزید بتایا کہ اس اہم منصبوبے کو 5سال میں مکمل کیا جائے گا اور اس میں ساہیوال شہر کے ساتھ ساتھ سیالکوٹ کو بھی شامل کیا گیا ہے -ملک ندیم کامران نے مزید بتایا کہ منصوبے میں شہر کی مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھا جائے گا اور اس کی تکمیل سے شہریوں کو بہترین پبلک ٹرانسپورٹ،نئی سڑکیں،پینے کا صاف پانی اور سیوریج کی نئی پائپ لائنز،مزید ٹیوب ویلز کی تنصیب،موجودہ ڈسپوزل سٹیشنوں کی استعداد کار میں اضافہ،سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ اور ویسٹ مینجمنٹ کے لئے لینڈ فل سائٹ کی تعمیر جیسی سہولیات دستیاب ہونگی -انہو ں نے اس منصوبے کو مسلم لیگ ن کی صوبائی حکومت کی طرف سے ساہیوال کے شہریوں کی غیر متزلزل حمایت کا ثمر قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ عوام محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف کی قیادت پر اعتماد رکھتے ہیں جنہوں نے ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں