بھارتی جاسوس کل بھوشن کی بیوی کو شوہر سے ملاقات کی دعوت

اسلام آباد: پاکستان نے دہشت گردی کے الزام میں گرفتار بھارتی خفیہ ایجنسی را کے جاسوس کل بھوشن یادیو کی اہلیہ کو شوہر سے ملاقات کرنے کی پیشکش کر دی۔دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق کل بھوشن کی اہلیہ سے ملاقات کے حوالے سے پاکستان نے بھارتی ہائی کمیشن کو باضابطہ خط ارسال کر دیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کل بھوشن یادیو کی اہلیہ کو انسانی بنیادوں پر پاکستان میں ملنے کی پیشکش کی گئی ہے اور انہیں پاکستان بلوا کر کل بھوشن سے ملاقات کرائی جائے گی۔ادھر ملٹری کورٹ نے کل بھوشن کو سزائے موت کا حکم دیا تھا تاہم بھارت نے فیصلے کے خلاف عالمی عدالت انصاف سے رجوع کر رکھا ہے۔واضح رہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے جاسوس کل بھوشن یادیو کو مارچ 2016ء میں بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا ۔بھارتی نیوی کے حاضر سروس افسر نے پاکستان میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کا اعتراف کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں