چار ملکی بین الاقوامی ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان کو شکست

لاہور (سپورٹس رپورٹر) چار ملکی بین الاقوامی ہاکی ٹورنامنٹ میں جاپان نے پاکستان کو 3 کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی۔ میلبورن ہاکی سنٹر میں کھیلے گئے میچ میں جاپانی ٹیم میچ کے ابتداءسے ہی پاکستان ٹیم پر حاوی رہی اور میچ کے اختتام تک میچ پر کنٹرول رکھتے ہوئے باآسانی پاکستان کو شکست دی۔ جاپان کی جانب سے کینٹی تاناکا نے 14ویں اور 46 ویں منٹ میں جبکہ گینکی ماتانہ نے 50ویں منٹ میں گول کئے اور اپنی ٹیم کا سکور 3 گول تک پہنچایا، پاکستان کی جانب سے واحد گول کھیل کے آخری لمحات میں عتیق ارشد کی جانب سے کیا گیا۔ قومی ٹیم ایونٹ میں اپنا اگلا اور آخر میچ ہفتہ 11 نومبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ گزشتہ روزکھیلے گئے دوسرے میچ میں مےزبان آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 4 کے مقابلے میں 1 گول سے شکست دی۔ واضح رہے کہ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں میزبان آسٹریلیا نے پاکستان کو 9 کے مقابلے میں 1 گول سے تاریخ کی بدترین شکست سے دوچار کیا تھا۔ کل پہلا میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا۔ دوسرا میچ میزبان آسٹریلیا اور جاپان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں