میونسپل کارپوریشن ساہیوال کے اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں پر غور

ساہیوال(بیورورپورٹ)میونسپل کارپوریشن ساہیوال کے ہاؤس نے عقیدہ ختم نبوت کے حوالہ سے پیش کی جانے والی قرار دادمتفقہ طور پر منظور کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں بنائی جانے والی کمیٹی کی رپورٹ کو منظر عام پر لانے اور ذمہ داران کو کڑی سزا د ینے کا مطالبہ کیاہے۔ یہ قرار داد ممبر کارپوریشن چوہدری ظفر اشرف نے پیش کی جو ہاؤس نے متفقہ طورپر منظور کرلی۔ کارپوریشن کا اجلاس زیر صدارت کنوینئر وڈپٹی میئر چوہدری ساجد نعیم ہیپی منعقدہوا۔ اجلاس میں ناکارہ پرانا سامان ٹیوب ویلز اور ڈرم وغیرہ کی نیلامی 40روپے کلو اور کرسمس کے موقع پر مسیحی نوجوانوں کیلئے گیمز کے انعقاد کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں مسیحیو ں کے نکاح ناموں کا یونین کونسل میں اندراج کرنے کا اختیار چیئر مین یونین کونسل کو دیاگیا۔ جھال روڈ اور 82/6-Rروڈ پر دکانیں بنانے‘شہر میں پارکنگ کیلئے جگہ‘گرین بیلٹ بنانے‘سرکاری جگہ پر موروالا چوک میں پلازہ بنانے کے حوالہ سے بحث کی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے سٹی میئر اسد خان بلوچ نے کہاکہ کارپوریشن بلاتفریق کارپوریشن ممبران کو فنڈز مہیاکررہی ہے۔غیر قانونی ہاؤسنگ کا لونیاں گرائی جارہی ہیں۔ سیوریج‘ سٹریٹ لائٹس اور صفائی وغیرہ کے مسائل حل کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نئے پلازوں کی تعمیر کے سلسلہ میں پارکنگ کیلئے جگہ رکھوائی جارہی ہے۔ انہوں نے بیرون بس سٹینڈ ٹھیکہ کے حوالہ سے کہا کہ سابق دور میں بس سٹینڈ کا ٹھیکہ 97لاکھ روپے دیاگیا .اب جو ٹھیکہ دیاہے وہ ٹیکس اور دیگر اخراجات ڈال کر 67لاکھ روپے بنتاہے اگر ہاؤس کو اعتراض ہے توکمیٹی بنادیں گے جو انکوائری کرلے۔ کارلفٹر کے معاملات درست کرنے کیلئے لفٹر پر کیمرے لگوادینگے تجاوزات کے خاتمے کیلئے سخت ایکشن لیں گے۔ اجلاس میں مسعود خان مہمند‘ظفر اشرف‘ میاں نوید مشتاق فرشتہ‘اسد مسیح‘طاہر حبیب‘عمران بلوچ اور ملک یونس گوگا نے بحث میں حصہ لیا۔ اجلاس نے میونسپل آفیسر فنانس باؤ عبدا لحمید کو ریٹائر منٹ پر خراج تحسین پیش کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں