ساہیوال(ایجوکیشن رپورٹرز) محکمہ تعلیم پنجاب نے بڑھتی ہوئی سموگ اور دھند کی وجہ سے تعلیمی اداروں کے اوقات کار میں تبدیلی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ دھند اور سموگ کی وجہ سے طلبا اور اساتذہ کو اپنے مدارس میں پہنچنے میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔اس وجہ سے محکمہ تعلیم نے سکولز کے اوقات صبح ساڑھے نو سے سہ پہر ساڑھے تین کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میںرحیم یار خان میں ابتدائی طور پر اوقات کی تبدیلی کا نوٹیفکیشن لاگو کر دیا گیا ہے۔ دھند اور سموگ کی یہ حالت برقرار رہی تو پورے پنجاب میں یہی اوقات کار لاگو کیے جا سکتے ہیں۔ قبل ازیں محکمہ نے سرما کی چھٹیاں قبل از وقت کرنے کا فیصلہ کیا تھا مگر بورڈ کے زیر اہتمام ہونے والے امتحانات کی تیاری اور نصاب کی عدم تکمیل کی بنا پر یہ فیصلہ حتمی شکل اختیار نہیں کر سکا تھا تاہم اب تعلیمی دورانیے میں تبدیلی کا فیصلہ جزوی طور پر دھند اور سموگ سے متاثرہ علاقوں میں لاگو کر دیا جائے گا۔ اس فیصلے سے دور دراز سے آنے والے اساتذہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ایک رپورٹ کے مطابق رحیم یار خان میں لاگو کیا جانے والا نوٹیفکیشن حتمی نہیں ہے. محکمہ تعلیم کی طرف سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گرلز سکول پونے نو سے سوا دو بجے تک اور طلبا کے سکول 9 سے اڑھائی بجے کے اوقات کار پر عمل کریں گے تاہم ابھی تک دونوں نوٹیفکیشن منظر عام پر آنے کے باوجود یہ فیصلہ نہیں ہو سکا کہ کون سا نوٹیفکیشن لاگو کیا جائے گا.
رحیم یار خان میں لاگو کیے جانے والے نوٹیفکیشن کا عکس ملاحظہ کیجئے۔
ایک اور نوٹفکیشن جس میں مختلف اوقات کار موجود ہیں.