نئی حلقہ بندیاں: قومی اسمبلی میں ساہیوال کی ایک سیٹ کم ہونے کا امکان

سا ہیوال(بیورورپورٹ)قومی اسمبلی کی سیٹ تقریباً8لاکھ ووٹرز پر مشتمل ہونے سے ضلع ساہیوال کی ایک قومی اسمبلی کی نشست کم ہونے کا امکان پیدا ہو گیا۔ذرائع نے بتایا ہے کہ مختلف سیاسی پارٹیوں کے پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں قومی اسمبلی کی 272سیٹیں برقرار رکھنے اور حلقہ بندیاں نئی مردم شماری کے تحت کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نئی مردم شماری کے مطابق قومی اسمبلی کی ایک سیٹ 7لاکھ 80ہزار ووٹرز پر مشتمل ہو گی جس کے تحت ساہیوال ضلع کی قومی اسمبلی کی 4سیٹیں کم ہو کر 3 رہ جائیں گی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اس سلسلہ میں جلد قومی اسمبلی میں بل پیش ہو گا اور بل پاس ہونے کے بعد پنجاب میں قومی اسمبلی کی 9سیٹیں کم ہو جائیں گی۔ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ حکومتی متوقع فیصلے کے بعد عام انتخابات 2018ء میں ضلع ساہیوال کی مختلف سیاسی جماعتوں کے متوقع امیدوار پریشان ہو گئے ہیں اورانہوں نے ٹکٹوں کے حصول کیلئے ابھی سے اپنی اپنی لابی کے ساتھ رابطے کرلئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں