پاک پتن میں پبلک لائبریری کا افتتاح کر دیا گیا

پاک پتن: وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق ادب اور مطالعہ کے فروغ کے لیےلائبریریوں کا قائم عمل میں لایا جا رہا ہے۔لائبریریاں ادبی ذوق اور علم وحکمت کے اضافے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار کمشنر ساہیوال بابر حیات تارڑ نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں پبلک لائبریری کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر عرفان احمد سندھو، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حبیب جیلانی، چیف انجینئر بلڈنگ ریاض بٹ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عارف عمر عزیز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حامد ناصر گورایہ، ایس این اے میاں فیاض مسعود، ڈی آئی او سید سلمان حسین اور پولیس حکام سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں لائبریریوں کو ریسرچ کا مقام حا صل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ طلباء و طالبات اور دیگر معاشرہ کے صاحب الرائے اور اہل قلم لوگ ان لائبریریوں سے مختلف علوم کی تصانیف اور دیگر کتب حاصل کر کے استفادہ حاصل کر سکیں گے۔دور جدید میں لائبریری کو ریسرچ کا مقام حاصل ہے اور مختلف تجربات کے حصول کے لیے مختلف اقسام کی تصانیف اور کتب حاصل ہو سکیں گی۔کمشنر نے کہا کہ ضلع پاکپتن کی پبلک لائبریری جناح پبلک لائبریری ساہیوال کی طرز پر بنائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر عرفان احمد سندھو نے لائبریری کی اہمیت اور اس کے خدوخال پر روشنی ڈالی۔انہوں نے بریفنگ دیتے ہو ئے کہا کہ اس منصوبے کی تخمینہ لاگت 6 کروڑ روپے ہے اور اس منصوبے کی تکمیل کے لیے رواں مالی سال میں 2 کروڑ روپے جاری کیے جائیں۔کمشنر نے کہا کہ لائبریری کی عمارت کی تکمیل کے لیے میٹریل کا خاص خیال رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ لائبریری میں کمپیوٹر سیکشن کا قیام بھی عمل میں لایاجائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں