ساہیوال: کمشنر کا صحت عامہ کی سہولیات پر اظہار اطمینان

سا ہیوال(بیورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن بابر حیات تارڑ نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی سہولیات کی بہترین فراہمی کے لئے بنیادی اور دیہی مراکز صحت پر ڈاکٹروں کی حاضری اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے تا کہ انہیں گھر کے قریب فوری علاج میسر آ سکے۔ہسپتالوں پر مریضوں کے دباؤ کو کم کرنے کے لئے ضروری ہے کہ عوام کو بیماریوں سے بچاؤ سے آگہی کی تربیت بھی فراہم کی جائے جس سے وہ حفظان صحت کے مطابق اپنی زندگی گزار کر بیماریوں سے بچ سکیں۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں محکمہ صحت کی سہ ماہی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کہی جس میں ڈا ئریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر صادق سلیم اور سی ای او ہیلتھ ساہیوال ڈاکٹر مشتاق سپرا کے علاوہ تینوں اضلاع کے ہیلتھ افسران نے شرکت کی۔انہوں نے ساہیوال ڈویژن میں پچھلے چار سال سے پولیو کا کوئی کیس نہ ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا اور زور دیا کہ پولیو قطرے پینے سے رہ جانے والے بچوں کو زیادہ فوکس کیا جائے۔اجلاس میں ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر صادق سلیم نے بتایا کہ صحت کی سہولیات کی ہر شخص تک رسائی کے بنچ مارکس میں ساہیوال ڈویژن پورے پنجاب میں سرفہرست ہے جس پر وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے ڈویژن کے 10ہیلتھ مینجرز ڈاکٹر مشتاق احمد سپرا،ڈاکٹر شاہد اقبال،ڈاکٹر شبیر الدین چشتی،ڈاکٹر محمد رفیق خان‘ڈاکٹر محمد اسلم اورڈاکٹر سعد بن سعید کو 2لاکھ روپے جبکہ سی ای او ہیلتھ پاکپتن ڈاکٹر سراج الدین شاد اور ڈی ایچ او اوکاڑہ محمد ارشاد کو 2,2مرتبہ چار لاکھ روپے نقدانعام دیا ہے۔ کمشنر بابر حیات تارڑ نے بہتر کارکردگی پر ڈاکٹر صادق سلیم اور ان کی ٹیم کی خدمات کو سراہا اور زور دیا کہ وہ عوام کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی ہیلتھ ایجوکیشن پر بھی توجہ دیں اورہسپتالوں اور تمام ہیلتھ سنٹرز پر ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری اور مریضوں کو ادویات کی فراہمی کو بھی ہر صورت یقینی بنائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں