لندن: لندن میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت اجلاس ہوا، جس میں مائنس نواز فارمولہ اور غیرآئینی اقدام قبول نہ کرنے پر اتفاق ہوا۔مسلم لیگ ن کے بڑے، لندن میں سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے پاس پہنچ گئے، جہاں آج ایک اہم اجلاس ہوا ہے ۔اجلاس میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف شریک ہوئے۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ کے تمام رہنماؤں نے نواز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے.اجلاس کے شرکاء نے سسٹم میں سے نواز شریف کو خارج کرنے کے امکانات کو رد کرتے ہوئے طے کیا کہ مائنس نواز شریف فارمولا قبول نہیں کیا جائے گا.
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں تقسیم کی خبریں افواہیں ہیں، ان شاء اللہ نواز شریف احتساب عدالت میں پیش ہوں گے۔ملاقات کے حوالے سے وزیر اعظم نے مزید کہا کہ یہ ذاتی نوعیت کی ملاقات تھی، حکومت سے ایک دن کی چھٹی لے کر آیا تھا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف پارٹی لیڈر ہیں ،ان ہی کے مشوروں سے ہر بات طے ہوگی۔
Load/Hide Comments