ساہیوال:گندے پانی سے اگائی جانے والی سبزیاں تلف کرنے کا حکم جاری

ساہیوال (بیورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن بابر حیات تارڑ نے گندے پانی سے اگائی جانے والی تمام سبزیو ں کو فوری تلف کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں تا کہ عوام کو ایسی سبزیوں کے نقصانات سے بچایا جا سکے۔احکامات کے مطابق تینو ں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز پنجاب فوڈ اتھارٹی کے تعاون سے سیوریج کے پانی سے کاشت کی جانے والی سبزیوں پر فوری ہل چلوائیں گے او راس سلسلے میں عوام میں شعور بیدارکرنے کے لئے آگاہی مہم بھی چلائی جائیگی۔وہ یہاں اپنے دفتر میں ڈویژنل ایگریکلچر ایڈوائزری کمیٹی کے اجلا س سے خطاب کر رہے تھے جس میں ڈپٹی کمشنرز شوکت علی کھچی‘صائمہ احد‘عرفان سندھو‘ایڈیشنل کمشنر میاں جمیل احمد اور تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔کمشنر نے ڈویژن میں دھان کی فصل کی باقیات کو کھیتوں میں جلانے کا بھی سخت نوٹس لیا اور محکمہ زراعت کو ہدایت کی کہ اسے فوری طور پر روکا جائے جس سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی پیدا ہو رہی ہے بلکہ سموگ سے کاشت شد ہ فصلوں کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔انہو ں نے آگاہی مہم میں نمبرداروں اور مقامی معززین کو بھی شامل کرنے کی ہدایت کی۔کمشنر بابر حیا ت تارڑ نے کہا کہ حکومت زراعت کے شعبے کو بڑی اہمیت دے رہی ہے کیونکہ ملک کی 70فیصد آبادی کا انحصار زراعت پر ہے۔محکمہ زراعت کو چاہیے کہ وہ زمینداروں کی مناسب رہنمائی کرے اور انہیں بہتر پیداوار حاصل کرنے کے لئے مفید مشورے دے۔انہو ں نے اراضی مرکز میں عام آدمی کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے ڈویژن کی تحصیل میں 3,3سٹیلائٹ سٹیشن قائم کرنے کی بھی ہدایت کی جہاں کاشتکاروں کو فوری فرد فراہم ہو سکے گی۔کسان نمائندوں کے مطالبے پر انہوں نے تمام منڈیوں کے باہر الیکٹرک کنڈے لگانے کا بھی حکم دیا تا کہ کم تولنے سے متعلق شکایات دور ہو سکیں اور زمینداروں کو فصل کا پورا معاوضہ مل سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں