ساہیوال (بیورورپورٹ) کمشنر ساہیوال بابر حیات تارڑ نے کہا ہے کہ میڈیکل کالجز میں داخلوں کیلئے ہونیوالے انٹری ٹیسٹ انتہائی شفاف طریقے سے اپنے اختتام کو پہنچے اور سنٹر سے باہر نجی گاڑی پر نیلی بتی لگانے کے بارے میں سخت ایکشن لیتے ہوئے مالکان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔وہ یہاں انٹری ٹیسٹ کے کامیاب انعقاد کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شوکت علی خان کھچی اور ڈی پی او ڈاکٹر عاطف اکرام بھی ان کے ہمراہ تھے۔انہوں نے بتایا کہ تمام امیدواروں کو مکمل جامہ تلاشی کے بعد امتحانی کمرے میں داخلے کی اجازت دی گئی اور پورے عمل کی مکمل نگرانی کو بھی یقینی بنایا گیا۔انہوں نے سنٹر سے باہر ہونیوالے واقعہ کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ ایک نجی گاڑی پر نیلی بتی لگانے سے غلط تاثر عام ہوا اور فوری چیک کرنے کے بعد کلیئر کر دیا گیا۔گاڑی میں موجود لڑکا اپنے بھائی کے ساتھ آیا تھا اور وہ اپنے ٹیسٹ کی تیاری کیلئے بیالوجی کی کتاب پڑھ رہا تھا تا ہم تحقیق کے بعد واضح ہوا کہ اس کا کسی سے بھی موبائل فون پر کوئی رابطہ نہیں تھا۔ڈی پی او ڈاکٹر عاطف اکرام نے بتایا کہ مذکورہ گاڑی مالکان کے خلاف دفعہ171 اور 420 مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ کمشنر بابر حیات تارڑ نے میڈیا کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے زور دیا کہ کوئی بھی خبر دینے سے پہلے اس کی تصدیق کر لیا کریں تا کہ معاشرے میں سنسنی نہ پھیلے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ٹیسٹ کیلئے فول پروف انتظامات کیے تھے کیونکہ پچھلے ٹیسٹ کی منسوخی کے بعد کسی قسم کا رسک نہیں لیا جا سکتا تھا۔
تعلیم
شعر و ادب
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments