پہلے ٹٰی ٹوئنٹی میں پاکستان کی 7 وکٹ سے جیت

کیو موبائل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو سات وکٹوں سے ہرادیا،پاکستان نے103رنز کا ہدف18ویں اوور کی دوسری گیند پر حاصل کیا۔
شعیب ملک 42رنز بناکر ٹاپ اسکورر اور محمد حفیظ نے 25 رنز بنائے اور دونوں ناقابل شکست رہے۔سری لنکا کی جانب سے سنجایا نے دو پاکستانی بیٹسمینوں کو آئوٹ کیا۔
ابو ظہبی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا،اس کا یہ فیصلہ درست ثابت ہوا اور مہمان ٹیم کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی،عماد وسیم نے پہلے ہی اوور میں مونا ویرا کو چلتا کیا،گونا تھیلاکا 18 رنز بناکر عثمان شنواری کا شکار بنے،سدیرا سمارا وکرما بھی 23 کے انفرادی اسکور پر فہیم اشرف کا شکار بن گئے۔
پری این جن 12 رنز بناکر آوٹ ہوئے،پھر محمد حفیظ نے ایک ہی اوور میں ادا وتے اور شناکاکو پویلین کی راہ دکھائی۔اگلے ہی اوور میں حسن علی پتھی رانا کو بھی آئوٹ کردیا،68 رنز پر سری لنکا کے آٹھ بیٹسمین پویلین لوٹ گئے چکے تھے ،سیکوگے پرسننا23 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر سری لنکا کا مجموعہ 102 رنز تک لے جانے میں کامیاب ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا،محمد حفیظ اور عثمان شنواری نے دو دو وکٹیں حاصل کیں ۔
جوابی اننگز میں پاکستان کی دو وکٹیں بھی 18 رنز پر گرگئیں،فخر زمان 6 اور بابر اعظم ایک رن بناکر آوٹ ہوگئے، اس موقع پر شعیب ملک اور احمد شہزاد کے درمیان تیسری وکٹ پر 46 رنز کی شراکت بنی،احمد شہزاد 22 رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔
چوتھی وکٹ کی شراکت میں شعیب ملک اور محمد حفیظ نے39رنزبنے ،یوں پاکستان نے ہدف 18 ویں اوور میں حاصل کرلیا،شعیب ملک42 اور محمد حفیظ 25 رنز بناکرناٹ آوٹ رہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں