ساہیوال میں انٹری ٹیسٹ کے انتظامات مکمل

سا ہیوال(بیورورپورٹ)ضلعی انتظامیہ نے میڈیکل کالجز میں داخلوں کیلئے انٹری ٹیسٹ کے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں تا کہ طلبا و طالبات مکمل اطمینان سے ٹیسٹ دے سکیں۔گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج میں قائم ہونے والے سنٹر میں 3553طلبا و طالبات ٹیسٹ دیں گے جن میں سے 2247طالبات اور 1306طلبہ ہیں۔انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے ڈی سی شوکت علی کھچی کی صدارت میں ایک اہم اجلاس ان کے دفتر میں ہوا جس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔انہوں نے بتایا کہ طلبا و طالبات کی سہولت کیلئے ہر امتحانی کمرے میں کلاک‘پانی اور روشنی کا مناسب انتظام کیا جائے گا جبکہ ان کے ساتھ آنے والے والدین کیلئے سنٹر سے متصل ننگل انبیاہائی سکول میں بیٹھنے کا انتظام ہو گا۔انہوں نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ گاڑیوں کی پارکنگ کا مناسب انتظام بھی کیا جائے تا کہ سنٹر کے اردگرد ٹریفک بلاک نہ ہو۔دریں اثنا یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ڈائریکٹر میڈیا محمد عاطف نے بتایا کہ پنجاب بھر میں 65ہزار سے زائد طلبا و طالبات انٹری ٹیسٹ دیں گے جس کیلئے 13شہروں میں 28امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔یونیورسٹی نے اس کیلئے ساڑھے پانچ ہزار امتحانی عملے اور ایک ہزار سپروائزر کا تقرر کر کے ان کی تربیت کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ سوا آٹھ بجے تمام امتحانی مراکز سیل کر دئیے جائیں گے تا کہ پیپر بر وقت شروع ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں