عمران خان ستیاناس بریگیڈ کے سربراہ ہیں: احسن اقبال

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کہتے ہیں کہ جتنی حرمت فوج اور عدلیہ کی ہے اتنی ہی پارلیمنٹ کی بھی ہے، سقراط اور بقراط پاکستان کی کامیابیوں کو پنکچر کرنے پر تُلے ہیں۔انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ مایوسی پھیلانے والے ستیا ناس اور بیڑہ غرق بریگیڈ سیاست دانوں کے سربراہ عمران خان ہیں،یہ بریگیڈ پاکستان کا منفی تاثر دینے کی کوشش کررہے ہیں۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ ختم نبوت کا حلف نامہ اصل حالت میں بحال ہوچکا، کسی شائبے کی گنجائش نہیں، یہ ایک غیر متنازع مسئلہ ہے، امید ہے مذہبی قیادت غور کرے گی اور پُرتشدد مظاہرہ نہیں کیا جائے گا۔احسن اقبال نے مزید کہا کہ ستیا ناس اور بیڑہ غرق بریگیڈ کے سربراہ عمران خان ہیں جو پاکستان کا منفی تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں، اگر آج ہماری جگہ اناڑی حکمران ہوتے تو ہم کسی گہرے دلدل میں پھنسے ہوتےاور اگر 2013ء میں اقتدار عمران خان کے ہاتھ میں آتا تو ملک اور نیچے چلا جاتا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کا شمار اب دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشتوں میں ہونے لگا جس کے ساتھ ہی ملک میں امن و امان کی بحالی میں سیکیورٹی فورسز نے اہم کردار ادا کیا ہے، پاناما ٹرائل اور فیصلے سے ملکی معیشت کو بھاری قیمت ادا کرنا پڑ رہی ہےاور عمران خان پاکستان میں ہر اچھی چیز کو برائی کی نظر سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج اور مظاہروں سے پاکستان کے امن کو نقصان پہنچ سکتا ہے، اگر اسلام آباد میں کوئی توڑ پھوڑ ہو گی تو پاکستان کا امیج دنیا بھر میں خراب ہو گا، احتجاج کرنے والوں کو کوئی ایسا کام نہیں کرنا چاہیئے جس سے ملک کا نقصان ہواور اگر کوئی ملک کا امن خراب کرتا ہے تو حکومت کا فرض ہے کہ امن و امان کو قائم کرے اور اگر کوئی پر تشدد مظاہرہ کیا گیا تو حکومت کا بھی فرض ہے کہ اس کو روکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں