ساہیوال پولیس ٹریننگ سنٹر میں ای لرننگ کا افتتاح

سا ہیوال(بیورورپورٹ) ریجنل پولیس آفیسرساہیوال محمد طارق رستم چوہان نے کہاہے کہ ریجنل پولیس ٹریننگ سنٹر ساہیوال نے منشیات اور کرائم سے متعلقہ یونائیٹڈنیشنز آفس کے تعاون سے ای لرننگ نصاب حاصل کرلیاہے جو محکمہ پولیس کی پیشہ وارا نہ مہارت اور پولیسنگ کے نظام کو موثر بنانے میں اہم کردار اداکرے گا۔ ای لرننگ سنٹر کا قیام سے پولیس جرائم سے متعلقہ منشیات کی روک تھام اور ڈیجٹیل شواہد کو محفوظ کرنے ‘کرائم سین انوسٹی گیشن اور کریمنل انٹیلی جنس میں مہارت حاصل کرسکے گی۔ وہ یہاں آرپی او دفتر میں یونائیٹڈنیشنز آفس کے پاکستان میں نمائندے مسٹر سیزرگوئیڈز کے ہمراہ ای لرننگ سنٹر کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر یونائیٹڈنیشنز آفس کے کریمنل جسٹس پروگرام کے جو ہائیدہ حنانو کے علاوہ پولیس افسران بھی موجو د تھے۔ انہوںنے کہاکہ ریجنل سطح پر ٹریننگ سنٹرز قائم کیاگیاہے تاکہ پولیس کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں خاص طورپر موقع پر پہنچ کر سب سے پہلے کرائم کے شواہد محفوظ کرنے کی جدید بنیادوںپر تربیت عمل میںلائی جائے۔ انہوںنے کہاکہ ای لرننگ پلیٹ فارم روائتی ٹریننگ کے اصولوںکو بہتر بنانے اور جلد از جلد کرائم کی نشاندہی کرنے اور تفتیش کو پایہ تکمیل تک پہچانے میں مدد گار ثابت ہوگا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر سیزرگوئیڈز نے پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس کی قربانیوںکا اعتراف کیا اور کہاکہ قربانیوںکے نتیجہ میں پاکستان کے حالات بہتر ہوئے اور دہشتگردی کو کافی حدتک کنٹرول کیاگیاہے۔ انہوںنے کہاکہ یونائیٹڈنیشنز کے تحت انسداد منشیات ‘جرائم کی بیخ کنی اور غیر قانونی کاروبار کو کنٹرول کرنے میں امدادملے گی اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کو فرانزک ٹیکنیکل اور جدید ‘طریقہ تفتیش کے متعلق امداد فراہم کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں