محکمہ مال زیر التوا مقدمات کا فیصلہ جلد کرے: کمشنر ساہیوال

سا ہیوال(بیورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن بابر حیات تارڑ نے ریونیو افسران پر زور دیا ہے کہ وہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے اور تنازعات کے جلد حل کیلئے ریونیو مقدمات کی سماعت پر خصوصی توجہ دیں اور فیصلہ سالوں کی بجائے مہینوں میں کریں۔وہ یہاں اپنے دفتر میں ریونیو افسران کے ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں مختلف ریونیو عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کا تفصیلا جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر میاں جمیل احمد اور اے سی ریونیو اشفاق الرحمن کے علاوہ تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز‘اے ڈی سی اور اے سیز نے شرکت کی ۔انہوں نے ہدایت کی کہ جن مقدمات میں کسی فریق کا وکیل تین پیشیوں پر پیش نہ ہو تو اس سے تحریری جواب طلب کر کے فیصلہ کر دیا جائے۔انہوں نے تمام ریونیو افسران پر زور دیا کہ وہ عدالتی کام کو زیادہ سے زیادہ وقت دیں تا کہ دور دراز سے آنیوالے سائلین کو بے جا تکلیف سے بچایا جاسکے۔کمشنر بابر حیا ت تارڑ نے سرکاری املاک خصوصا زرعی رقبہ جات پر قبضوں میں اضافے کی شکایات کا بھی نوٹس لیا اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ ایسی شکایات پرفوری کارروائی کر کے ذمہ داروں کے خلاف سخت ایکشن لیں۔ انہوں نے کہا کہ جو نمبردار یا ریونیو اہلکاراس غیر قانونی کام میں ملوث پایا جائے یا وہ ان واقعات کی رپورٹ نہ کرے تو اسے بھی ملوث سمجھا جائے اور محکمانہ کارروائی کی جائے ۔کمشنر نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینا ہی افسران کی بنیادی ذمہ داری ہے جس کیلئے انہیں اپنی اتھارٹی استعمال کرنی چاہیے اور بلا خوف و خطر قانون پر عملدر آمد یقینی بنانا چاہیے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں