ساہیوال : ڈویژن بھر میں غیر قانونی ہاؤسنگ سکیمیں سِیل کرنے کا فیصلہ

ساہیوال( بیورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن بابر حیات تارڑ نے ڈویژن بھر میں تمام غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کو فوری سیل کرنے اور ان کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایت کر دی ہے تا کہ عوام کی محنت کی کمائی کو لٹنے سے بچایا جا سکے ۔انہوں نے ایسی تمام سکیموں کی منظوری کے کاغذات بھی فوری مکمل کرنے کی ہدایت کی جنہوں نے این او سی کے لئے درخواستیں دی ہوئی ہیں۔انہوں نے یہ ہدایات اپنے دفتر میں ہونے والے اجلاس میں دی جس میں ڈویژن بھر میں نجی ہائوسنگ کالونیوں کے معاملات کا جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر میاں جمیل احمد ،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ قاری خالد نذیر اور اے سی ریونیو اشفاق الرحمن کے علاوہ تمام میونسپل کمیٹیوں اور ضلع کونسلوں کے چیف افسران نے شرکت کی ۔انہوں نے کہا کہ عوام کے مفادات کا تحفظ اور انہیں فراڈ سے بچانا انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے جس کے لئے متعلقہ قوانین پر سختی سے عمل در آمد کرایا جائے گا ۔انہوں نے تمام چیف افسران کو ہدایت کی کہ وہ تمام ہائوسنگ سوسائٹیز کا دوبارہ مکمل سروے کریں اور 30اکتوبر تک ان کی حیثیت کے بارے میں آگاہ کریں تا کہ انہیں ریگولرائز کیا جاسکے ۔انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ جو مالکان اپنی ہائوسنگ سوسائٹیز سے متعلقہ معاملات کو حل کرنا چاہتے ہیں ان کی بھر پور مدد کی جائے اور انہیں درکار این او سیز کے حصول میں رہنمائی دی جائے ۔کمشنر بابر حیات تارڑ نے کہا کہ غیر قانونی ہائوسنگ سکیمیں نہ صرف عوام کو دھوکہ دے رہی ہیں بلکہ ہر حکومت کی بدنامی کا بھی باعث بن رہی ہیں جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا ۔انہوں نے چیف افسران پر زور دیا کہ وہ عوام کو ان غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں میں سرمایہ کاری سے روکنے کے لئے آگہی مہم بھی چلائیں اور اس سلسلے میں بینرز اور اشتہار دیئے جائیں جبکہ متعلقہ کیبل نیٹ ورک پر بھی عوام کو آگاہ کیا جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں