امریکی پابندیوں کو اعلان جنگ تصور کریں گے: ایران

لندن (اے پی پی) ایران کے جوہری توانائی کے ادارے کے سربراہ ڈاکٹر علی اکبر صالحی نے کہا ہے کہ پاسداران انقلاب کے خلاف امریکہ کی ممکنہ پابندیاں ایران کے خلاف امریکہ کی مخاصمت کا ثبوت ہوں گی۔ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق لندن میں عالمی تجزیہ نگاروں کے ایک گروپ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر علی اکبر صالحی نے واضح کیا کہ کسی بھی ملک کی مسلح افواج ملک کی سلامتی اور دفاع کی ضامن ہوتی ہیں لہٰذا سپاہ پاسداران کے خلاف امریکہ کے ممکنہ اقدامات کو اعلان جنگ تصور کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے اٹلی اور برطانیہ میں اپنے قیام کے دوران یورپی رہنماو¿ں کے ساتھ جامع ایٹمی معاہدے کے بارے میں بات چیت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ یورپی عہدیداروں کا کہنا تھا کہ تمام فریق جامع ایٹمی معاہدے میں باقی رہیں گے یا سب اس سے نکل جائیں گے کیونکہ اس کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ ڈاکٹر علی اکبر صالحی کا کہنا تھا کہ امریکہ نے جامع ایٹمی معاہدے کو سبوتاژ کیا تو اس کے عالمی نتائج برآمد ہوں گے لہٰذا ایران اس معاہدے کو باقی رکھنے کے حق میں ضرور ہے لیکن اسی صورت میں جب تمام فریق اس معاہدے میں باقی رہنا چاہتے ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں