امریکہ پاکستان کے تعاون کو فراموش نہیں کر سکتا: امریکی صدر

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ حقیقی بہتر تعلقات کا آغاز کررہے ہیں۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ کئی محاذوں پر تعاون کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، پاکستان اور اس کے رہنماؤں کے ساتھ امریکا کے تعلقات پہلے سے بہت زیادہ بہتر ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ادھرامریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی ترجمان ہیتھر نوریٹ کا کہنا ہے کہ شمالی امریکی جوڑے کی افغانستان میں حقانی نیٹ ورک کی قید سے رہائی کے معاملے میں پاکستان کی جانب سے دی جانے والی اس ’اہم مدد‘ کو امریکا کبھی نہیں بھولے گا۔ ہیتھر نوریٹ نے کہا کہ ’میں یہ واضح کرنا چاہتی ہوں کہ امریکا، حکومت پاکستان کا بے حد مشکور ہے، کیونکہ ان کی مدد کے بغیر شمالی امریکی جوڑے کی بازیابی ممکن نہیں ہوتی۔ہیتھر نوریٹ نے اسلام آباد اور واشنگٹن کے تعلقات کی موجودہ صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاک امریکا تعلقات میں چند نکات پر چیلنجز کا سامنا رہ چکا ہے تاہم یہ تعلقات راتوں رات بدل نہیں سکتے لیکن پھر بھی پاکستان کی جانب سے یہ درست سمت میں ایک اہم قدم ہے۔شمالی امریکی جوڑے کی بازیابی میں ریسکیو آپریشن کے دوران پاکستان کے کردار پر سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امریکا کی جانب سے دی جانے والی معلومات کے بعد پاک فوج مغوی خاندان کو بازیاب کرانے میں کامیاب ہوئی جبکہ ان لوگوں کی واپسی پر ہم سب بے حد خوش ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ مغویوں کی بازیابی کے لیے کسی بھی طرح کا قیدیوں کا تبادلہ یا اغوائ برائے تاوان کی رقم نہیں دی گئی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وہ ابھی اس کی تصدیق یا تردید کرنے کی حالت میں نہیں ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں