جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو نیا چیئرمین نیب مقررکردیا گیا

اسلام آباد: وزارت قانون نے جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو نیا چیئرمین نیب مقررکردیا، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔جسٹس(ر)جاوید اقبال کی بطورچیئرمین نیب تعیناتی 4 سال کے لیے ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق چیئر مین نیب کی تعیناتی وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈرکی مشاورت سے کی گئی ہے، صدرمملکت ممنون حسین نے نیب آرڈیننس کےسیکشن 6بی کےتحت تقرری کی منظوری دی ہے۔اپوزیشن اور حکومت کے درمیان نام پر اتفاق کے بعد نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے درمیان چیئرمین نیب کیلئے جسٹس (ر) جاوید اقبال کے نام پر اتفاق کیا گیا تھا جس کے بعد وفاقی وزارت قانون نے سپریم کورٹ کے سابق جج کی چیئرمین نیب کے عہدے پر تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
حکومت کی جانب سے چیئرمین نیب کیلئے آفتاب سلطان، جسٹس (ر) رحمت جعفری اور جسٹس (ر) چوہدری اعجاز جبکہ اپوزیشن نے جسٹس (ر) فقیر محمد کھوکھر، جسٹس (ر) جاوید اقبال اور سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد کے نام تجویز کئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں