عوامی مسائل حل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے: ندیم کامران

ساہیوال (بیورورپورٹ) صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ صوبے کی عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔ حکومت پنجاب نے متعدد ایسے عوامی فلاحی منصوبے شروع کئے ہیں جن سے عوام کو سہولیات میسر ہوں گی۔یہ بات انہوں نے عنایت الہی کالونی ساہیوال میں شہر خاموشاں (قبرستان) کے پراجیکٹ کی منظوری کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شوکت علی کھچی،اے ڈی سی قدیر باجوہ،رہنمامسلم لیگ (ن) چوہدری آصف،ممبر ضلع کونسل صدیق بلوچ،وائس چیئر مین عبدالحئی،جنرل کونسلرز اوراہل علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم سب کی آخری آرام گاہ قبرستان ہی ہے،عنایت الہی اور ملحقہ کالونیاں کے باسیوں کا دیرینہ مسئلہ تھا جوگزشتہ 28سال بعد اس زمین کو قبضہ گروپوں سے واگزار کرانے کے بعد قبرستان کی منظوری دی گئی ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ یہ قبرستان80کنال پر محیط ہو گا اور جدید طرز پر بنایا جائے گا جس میں تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔صوبائی وزیر نے اس تمام معاملے کو حل کرانے میں ساہیوال کی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ بعد ازاں معززین علاقہ نے صوبائی وزیر کا علاقے میں واٹر فلٹریشن پلانٹ،سیوریج،پی پی سی روڈ اور میٹل روڈ جیسے ترقیاتی کام کروانے پر شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں