یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں کتاب اور عروج زندگی کے موضوع پر سیمینار

لاہور(ندیم اختر سے ) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائینسز میں ریڈ اینڈرائٹ پاکستان کا پاکستان لائبریرینز ویلفیئر آرگنائزیشن کے تعاون سے کتاب اور عروج زندگی کے موضوع پر سیمینارکا انعقاد کیا گیا۔صدر پاکستان لائبریرینز ویلفیئر آرگنائزیشن محمد آصف منیر نے کتاب دوستی کے اس سیمینار میں شرکا ٰء کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ آج کے اس افراتقری دور میں انتہاپسندی اور مذہبی تشدد جیسی سماجی بُرائیوں پر قابو پانے کے لئے کتاب دوست ماحول بنانا ہو گا تا کہ ملک میں امن ہو۔ سیمینار میں سینئر صحافی اور کالم نگار ایثار رانا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جاری انتہا پسندی سے لڑنے کے لئے کتاب کو ایک بہتر ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مصنفین کو ایسی کتابیں لکھنے کی ضرورت ہے جس سے آنے والی نسل کو تربیت دی جا سکے۔ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ پاکستان میں دانشورانہ اور پُر امن ماحول بنانے کے لئے حکومت کو کتاب کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ڈائریکٹر ریڈ اینڈ رائٹ پاکستان ظہیر احمد نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں پڑھنے اور لکھنے کی ثقافت کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، جو نہ صرف ہماری مستقبل کی نسلوں کو صحیح سمت میں لے جائے گی بلکہ یہ بھی یقینی بنائے گی کہ ملک میں جاری ناقابل یقین رویوں سے کیسے نمٹنا ہے ۔ کو آرڈینیٹر کاروان ادب اطفال پاکستان اظہر عباس نے کتاب بینی کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ بچوں میں روزانہ کی بنیاد پر کتب بینی کی عادت ڈالنی چاہیے ۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان کونسل آف میڈیا رائیٹرز سید بدر سعید نے کہا کہ ایک سچا لکھاری ہی پرُامن معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے ۔ ڈائریکٹرکمیونٹی آوٹ ریچ ریڈ اینڈ رائٹ پا کستان اشفاق حسین نے کہا کہ یہ سب کی ذمہ داری ہے کہ معاشرے میں کتاب کلچر کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کریں ۔مختلف طبقہ فکر سے گزارش ہے کہ ریڈ اینڈ رائٹ پا کستان کے ساتھ مل کر ریڈنگ کلچر کے فروغ، کمیونٹی لائبریریز کے قیام میں مدد کریں۔ سیمینار میں مصنفین،سینئرصحافیوں، کالم نگار ، پروفیسرز، ریسرچرز ، پالیسی سازوں، میڈیا نمائندوں اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں