ساہیوال: انتظامیہ کالوئر باری دوآب کے دونوں کناروں پر شجرکاری کا منصوبہ

ساہیوال (ایس این این) کمشنر ساہیوال ڈویژن بابر حیات تارڑ نے کہا ہے کہ شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے جس کیلئے تمام وسائل کو استعمال کیا جائیگا۔ ساہیوال اور اوکاڑہ شہروں سے گزرنے والی لوئر باری دوآب کے دونوں کناروں پر نئے درخت اور پھولدار پودے لگانے کا ایک جامع پروگرام شروع کیا جا رہا ہے تاکہ دونوں شہروں کے باسیوں کیلئے تفریح کے مزید مقامات ڈویلپ ہو سکیں۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس میں اس منصوبے کی تفصیلات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر میاں محمد جمیل‘ ڈی جی پی ایچ اے محمد خالد منظور‘ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حبیب جیلانی وینس اور ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ قاری خالد نذیر کے علاوہ محکمہ انہار اور جنگلات کے ڈویژنل افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں نہر کے دونوں کناروں پر قائم تجاوزات کو ختم کرنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا تاکہ کناروں کی خوبصورتی کو بحال کیا جا سکے۔ کمشنر نے میونسپل کمیٹی اوکاڑہ کی طرف سے لوئر باری دوآب اور 4 ایل نہر کے ساتھ ساتھ شجر کاری کے جاری منصوبے کو سراہااور اس میں انتظامیہ کے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں