اسلام آباد: نااہل قرار دئیے گئے سابق وزیر اعطم نواز شریف اسلام آباد پہنچ گئے ہیں جہاں وہ کل احتساب عدالت میں پیش ہوں گے.اطلاعات کے مطابق نواز شریف کے بچے عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوں گے۔ عدالت نے سابق وزیراعظم، ان کے بچوں حسن، حسین اور مریم نواز سمیت داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو کل پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔نواز شریف کل عدالت میں پیشی سے قبل قانونی ٹیم سے مشاورت بھی کریں گے۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی قانونی ٹیم کے درمیان مشاورت کے دوران احتساب عدالت میں پیشی سے متعلق مختلف تجاویز زیر غور لائیں گے جب کہ کچھ اطلاعات کے مطابق عدالت میں کل نواز شریف کے بجائے ان کے وکیل کے پیش ہونے کی بھی تجویز ہے۔
بعد ازاں سابق وزیراعظم کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد کل مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس بھی ہوگا جس کی صدارت نواز شریف کریں گے۔ نواز شریف منگل کو پارٹی کی مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے اور اسی روز پارٹی کی جنرل کونسل انہیں صدر منتخب کرے گی۔
Load/Hide Comments