یوم عاشور اختتام پذیر، مختلف شہروں میں موبائل سروس بحال

لاہور(ویب نیوز) لاہورسمیت ملک بھر میں آج یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا گیا جبکہ مختلف شہروں میں موبائل فون سروس بحال ہونا شروع ہوگئی ہے۔حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد میںمجالس اور جلوس نکالے گئے۔ ساہیوال، کراچی، لاہور، راولپنڈی، ملتان، جھنگ، خانیوال، فیصل آباد، لیہ ، ایبٹ آباد، مظفرآباد اور کوئٹہ سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں یوم عاشور کے مرکزی جلوس روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہوئے۔جلوسوں کی سیکیورٹی کے لئے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے جبکہ مختلف شہروں میں جلوسوں کی ڈرون کیمروں اور ہیلی کاپٹرز سے فضائی نگرانی کی گئی۔جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی مانیٹرنگ کی گئی جب کہ وزارت داخلہ میں خصوصی مانیٹرنگ سیل قائم کیا گیا جس سے پورے ملک میں سیکیورٹی صورتحال کو مانیٹر کیا جاتا رہا۔ ملک کے مختلف شہروں میں یوم عاشور کے موقع پر موبائل فون سروس جزوی طور پر بند رہی۔ عاشور کے اختتام کے ساتھ ہی موبائل فون سروس بحال کر دی گئی ہے۔ مجموعی طور پر یوم عاشور کے موقع پر ملک بھر میں امن و امان کی صورت حال تسلی بخش رہی اور کسی نا خوش گوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں