ساہیوال میں یوم عاشور کا سکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا

ساہیوال(بیورورپورٹ)ضلعی پولیس نے یوم عاشور کے حوالہ سے سکیورٹی پلان جاری کردیاہے اور ضلعی پولیس نے تقریباً1200 پولیس افسران واہلکاران کے علاوہ قومی رضا کاران اور والنٹیئرز کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے جبکہ ایلیٹ فورس اور ٹریفک پولیس کی ٹیموں کی ڈیوٹی الگ ہوگی۔ جلوس ومجالس کی چیکنگ سراغ رساں کتوں‘بم ڈسپوزل سکواڈ‘میٹل ڈی ٹیکٹر کے ذریعے اور عورتوں کی چیکنگ بذریعہ لیڈی سٹاف کی جائے گی۔ اہم مقامات پر واک تھرو گیٹس لگائے جائیں گے اور جلوس ومجالس کے شرکاء کی چار پوائنٹس پر چیکنگ یقینی بنائی گئی ہے۔ یہ بات ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر عاطف اکرا م نے ایک ملاقات میں بتائی۔ انہوں نے کہاکہ ہر مجلس وجلوس کی آڈیو‘ویڈیو ریکارڈنگ کی جائے گی۔ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی ہوگی۔ ضلعی سطح پر کنٹرول روم ڈی پی او آفس میں قائم کیاگیاہے جو 24گھنٹے کھلا رہے گا۔ ایلیٹ فورس کے جوان مجالس اور جلوس کے آگے اور پیچھے سکیورٹی کو یقینی بنائیں گے۔ جلوسوں سے ملحقہ گلیوں کو عارضی رکاوٹیں قناتیں اور خاردار تار لگاکربند کردی جائیں گی جبکہ چھت ڈیوٹی پر بھی اہلکارموجود ہونگے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مشکوک افراد کی سرگرمیوں پر نظر رکھتے ہوئے پولیس کے ساتھ تعاون کرے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی اور لاوارث سامان کی فوری اطلاع پولیس کو دیں تاکہ کوئی نا خوشگوار واقعہ رونما نہ ہوسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں