محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے: قدیر باجوہ

ساہیوال (بیور ورپورٹ)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قدیر احمد باجوہ نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں امن برقرار رکھنے کیلئے ہم سب کو ملکر کلید ی کردار ادا کرنا ہو گا تا کہ بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کی فضا قائم ہو سکے -کسی شر پسند عناصر کو ہر گزکسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے یہ بات محرم الحرام میں کئے جانے والے انتظامات بارے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں کرنل ناصر، میجر فاروق،ایس ایس پی انوسٹی گیشن ڈاکٹر شاکراحمد شاہد،اسسٹنٹ کمشنر کنول نظام بھٹو، چیئر مین پی ایچ اے حاجی احسان الحق ادریس،ڈپٹی میئر میونسپل کارپوریشن ساجد نعیم ہیپی،چیئر مین مارکیٹ کمیٹی آئی زیڈ بھٹی،علماء کرام،امن کمیٹی کے ممبران اور ضلعی افسران نے بھی شرکت کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قدیر احمد باجوہ نے محرم الحرم میں تمام محکموں کی جانب سے کئے جانے والے انتظامات بارے میجر فاروق کو بریفنگ دی۔انہوں نے مزید بتایا کہ عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا، تمام جلوسوں کی کلوز سرکٹ کیمروں سے نگرانی بھی کی جائے‘ جلوسوں کے روٹس پر سڑکوں کی مرمت،لائٹس کی درستگی،بجلی کی لٹکتی تاروں کی مرمت کی جا رہی ہے۔ انہو ں نے مزید کہا کہ محکمہ صحت کے افسران کو بھی ہدایت کی کہ وہ ذوالجناح کے جلوسوں میں نیاز اور سبیل کی چیکنگ کے بعد اجازت دیں اور ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی موجودگی کو یقینی بنائیں۔اجلاس میں انجمن تاجران کے نمائندوں نے بھی محرم الحرام کے جلوسوں کے دوران انتظامیہ سے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔میجر فاروق نے محرم الحرام کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا او رکہا کہ اس ملک کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھانا ہوگا -میجر فاروق نے تمام محکموں اور امن کمیٹی کے ارکان سے کئے جانے والے انتظامات بارے تفصیلی گفتگو کی اور تمام محکموں کے انتظامات کو سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں