بے نظیر کے قاتل کو جانتا ہوں، اب خاموش نہیں رہوں گا: ذوالفقار مرزا

کراچی: سابق وزیر داخلہ سندھ اور ماضی میں آصف علی زرداری کے دست راست ذوالفقار مرزا نے کہا ہے کہ میں جانتا ہوں بے نظیر بھٹو کا قتل کس نے کیا ،اس شخص کا نام بتانے پر جو رد عمل آئے گا اس کے بارے میں بھی جانتا ہوں اور میں اس کے لیے تیار ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو کو محمد خان چانچڑ نے فائرنگ کر کے قتل کیا ،اس کی گاڑی سلو نامی پیپلز پارٹی کا کارکن چلا رہا تھا جو جنوبی افریقہ میں مارا گیا ۔
نجی نیو ز چینل کے پروگرام میں بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ بی بی کو قتل کرنے کا پیغام جاوید خان جیل سے لے کر آئے تھے اور یہ جیل میں ڈاکٹر تھے۔ان کا کہنا تھا کہ پہلے خاموش رہنا میری غلطی تھی، کچھ وجوہات، مصلحت اور دوستی کے باعث میں نے پہلے اپنا منہ نہیں کھولا۔ذوالفقار مرزا نے کہا مجھے نہیں پتہ تھا کہ آصف زرداری ملک توڑنا چاہتے ہیں اور یہ ایک بھارتی ایجنٹ ہے لیکن اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ میں یہ سب جان کر اپنا منہ نہیں کھولوں گا ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اور چند ایک باتوں کا علم ہے جو میں وقت آنے پر عوام کو آگاہ کروں گا۔ واضح رہے چند روز قبل سابق صدر جنرل پرویز مشرف نے بھی الزام عائد کیا ہے کہ بینظیر بھٹو کے قتل میں ان کے شوہر آصف علی زرداری ملوث تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں